اسلام آباد (این این آئی) عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے شیخ رشید احمد کو نازیبا گفتگو پر شدید تنقیدکا نشانہ بنایا۔ ریحام خان نے ان کے انٹرویو کی ویڈیو کلپ ٹوئیٹ کرتے ہوئے لکھا کہ اس شخص کو سپریم کورٹ کی جانب سے صادق اور امین کی حیثیت دے دی گئی ہے۔ ریحام خان نے ٹوئٹ میں سوال کیا کہ کیا سپریم کورٹ اس معاملے کا نوٹس لے گی؟ انہوں نے درخواست کی کہ پاکستان سے اس گند کو ختم کیا جائے۔ ریحام خان کی شائع ہونے والی کتاب سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں شیخ رشید نے نازیبا گفتگو کرتے ہوئے انہیں ایک ہزار طوائفوں سے بھی بدتر قرار دیا۔ پروگرام کے دوران شیخ رشید نے جارحانہ گفتگو کو آگے بڑھاتے ہوئے پاکستان فلم انڈسٹری کیلئے بھی ناشائستہ زبان استعمال کی۔ اداکارہ ارمینا خان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید پر بھڑک اٹھیں اور کہا ایسے شخص کو ٹی وی پر بلانے کی اجازت کیسے دی گئی۔ اداکارہ ارمینا خان سوشل میڈیا پر بہت زیادہ فعال رہتی ہیں ۔ گزشتہ روز ارمینا خان نے شیخ رشید کی کلاس لیتے ہوئے انہیں خوب کھری کھری سنادیں۔ ارمینا خان نے فلم انڈسٹری سے وابستہ لوگوں کے لیے نازیبا لفظ استعمال کرنے پر شیخ رشید کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کون ہے یہ آدمی؟ اور یہ کیوں فلم انڈسٹری کے خلاف نازیبا گفتگو کررہا ہے؟ اس کے علاوہ اسے کس نے اجازت دی اتنی نامناسب زبان ٹیلی ویژن پر استعمال کرنے کی؟۔