لاہور+ پشاور+ اسلام آباد (صباح نیوز+ خصوصی نمائندہ) پنجاب حکومت نے تعلیمی بورڈز کے 8چیئرمینوں کو عہدوں سے ہٹا کر نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ تعلیمی بورڈز میں راولپنڈی، گوجرانوالہ، ملتان، ساہیوال، ڈی جی خان اور سرگودھا شامل ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق راولپنڈی تعلیمی بورڈ کا اضافی چارج کمشنر کیپٹن (ر) سیف انجم کو دے دیا گیا جبکہ گوجرانوالہ تعلیمی بورڈ کا اضافی چارج کمشنر اسداللہ فیض اور ملتان تعلیمی بورڈ کا اضافی چارج کمشنر ندیم ارشاد کیانی کو دے دیا گیا۔اسی طرح ڈی جی خان تعلیمی بورڈ کا اضافی چارج کمشنر رانا گلزار اور ساہیوال تعلیمی بورڈ کا اضافی چارج کمشنر ڈاکٹر فرح مسعود جبکہ سرگودھا تعلیمی بورڈ کا اضافی چارج کمشنر ظفر اقبال کو دیا گیا۔ علاوہ ازیں خیبرپی کے کی نگراں حکومت نے صوبے کی بیوروکریسی اور محکمہ پولیس میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم خیبرپی کے کے کسی افسر کی خدمات وفاق کو واپس نہیں کی گئیں، تقرری و تبادلوں کے معاملہ پر نگراں وزیر اعلی خیبرپی کے کے دوست محمد کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں چیف سیکرٹری نوید کامران بلوچ اور انسپکٹرجنرل پولیس طاہرودیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں تبادلوں اور تقرری کے لیے افسران کی فہرست تیار کرکے الیکشن کمشن ارسال کر دی گئی۔ اسلام آباد سے خصوصی نمائندہ کے مطابق الیکشن کمشن کی منظوری سے خیبر پی کے کے 20سیکرٹریز سمیت 185افسران کی تقرری و تبادلوں کے احکامات جاری کر دیئے ہیں ۔کے پی کے صوبائی حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 20سیکرٹریوں ، 38ڈپٹی کمشنروں ،22ڈپٹی ڈائریکٹروں ،ڈپٹی سیکرٹریز ، اے ڈی سیز ، 63سیکشن آفیسروں ،اے سیز ،ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنروں ،5ریجنل پولیس افسران اور 29ڈی ایس پیز کی تقرری اور تبادلوں کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔