سرینگر، اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ، نیوز ایجنسیاں) مقبوضہ کشمیر کے علاقے ترال میں بھارتی فوج کے ہاتھوں شہید ہونے والے دونوں نوجوانوں کو سپرد خاک کر دیا گیا ہے جبکہ پانپور میں فورسز پر حملے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک، دو زخمی ہو گئے۔ ادھر بھارت نے تحریک آزادی دبانے کیلئے کمانڈوز وادی بھیج دئیے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق سنائپرز، راڈارز اور جدید اسلحے سے مسلح کمانڈوز جموں کشمیر میں بی ایس ایف ہیڈ کوارٹرز پہنچ گئے۔ نامور صحافی شجاعت بخاری کے قتل اور شہری ہلاکتوں، بھارتی مظالم پر مزاحمتی خیمے کی اپیل پر وادی میں ہمہ گیر ہڑتال،مظاہرے اور ریلیاں ،فورسز کے ساتھ جھڑپوں میں متعدد زخمی ہوگئے۔یاسین ملک گرفتار،سید علی گیلانی اور میر واعظ سمیت چوٹی کی حریت قیادت گھروں میں نظر بند کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ترال میں بھارتی فوج کے ہاتھوں مارے گئے دو مقامی نوجوانوں عادل اور دانش کو ہزاروں سوگواران کی موجودگی میں سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ ہماری قوم کے نوجوان اپنی اٹھتی جوانیوں اور گرم گرم لہو سے تحریک حقِ خودارادیت اور آزادی برائے اسلام کا عنوان رقم کرنے میں کوئی پس وپیش نہیں کر رہے ہیں۔ وادی میں کاروباری مراکز ،تجارتی ادارے ،دکانیں، بازار اور تعلیمی ادارے بند رہے ۔وادی میں انٹر نیٹ اور موبائل سروس معطل رہی اور سڑکوں سے ٹرانسپورٹ غائب رہی۔ بعض مقامات پر حالات کشیدہ ہونے کے باعث پیلٹ گنوں اور ہوائی فائرنگ کا بھی استعمال کیا گیا۔ مظاہرین نے شجاعت بخاری کے قتل کی تحقیقات کے لئے آزاد کمشن بنانے کا بھی مطالبہ کیا۔ حکمران جماعت بھاجپاکے قومی جنرل سیکرٹری اورجموں و کشمیر میں پارٹی کے انچارج رام مادھو کا کہنا ہے کہ وادی میں جاری تشدد کو لے کر پی ڈی پی کے نرم رویہ کی وجہ سے ان کی پارٹی نے اتحاد توڑنے کا فیصلہ کیا۔ بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں عسکری جدوجہد برداشت نہیں کریں گے۔ سابق وزیراعلی عمر عبداللہ نے مطالبہ کیا ریاستی اسمبلی کوبلاتاخیر تحلیل کرکے انتخابات کرائے جائیں۔ غلام نبی آزاد نے کہا مقبوضہ کشمیر میں حریت پسندوں کی کارروائیوں کے مقابلہ میں بھارتی فوج کی کارروائیوں میں کہیں زیادہ سویلین کشمیری مارے گئے ہیں۔اے پی پی کے مطابق معروف صحافی شجاعت بخاری کے قتل کی غیر جانبدارانہ تحقیقات اورقاتلوں کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لانے کیلئے انسانی حقوق کمشن میں ایک عرضداشت دائر کی گئی ہے۔ شوپیاں میں بھارتی فوجیوں کے تشدد سے بینک کا گارڈ ہلال احمد شدید زخمی ہو گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق نئے دستے میں مکانات کو بارودی مواد سے اڑانے کے ماہرین بھی شامل ہیں۔این این آئی، آن لائن، اے پی پی کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق برطانوی پارلیمنٹ کا اجلاس رکن پارلیمنٹ کرس لیسلے نے صدارت کی۔ لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر سید ابن عباس نے اجلاس کو مقبوضہ کشمیر میں حالیہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ پاکستانی ہائی کمشنر نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا معاملہ پرزور انداز میں اٹھایا اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ ان مظالم کا نوٹس لیں اور مظلوم کشمیریوں کے لئے اپنی آواز بلند کریں۔ کرس لیسلے نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ کشمیر کے حوالے سے رپورٹ کو جلد حتمی شکل دی جائے گی۔