اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+ آئی این پی) ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے بھارت سے کشمیری صحافی شجاعت بخاری کے قتل کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا شجاعت بخاری کا بہیمانہ قتل بھارتی فوج کے ظلم کا عکاس ہے، کشمیر میں صحافیوں کو بھی تحفظ حاصل نہیں۔ بھارت نے شجاعت بخاری کے قتل کا سیاسی استعمال کرنے کی کوشش کی ہے۔ بھارت کچھ چھپانا نہیں چاہتا تو کمیشن کو مقبوضہ کشمیر کا دورہ کرنے دے، پاکستان کمیشن آف انکوائری کو آزادکشمیرکے دورے کی دعوت دیتا ہے۔ ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان نے پاکستان افغان امور پر بات کرتے ہوئے کہا پاکستان، افغانستان میں مفاہمت اور امن کے تمام اقدامات کی حمایت کرتا ہے‘ اب افغان قیادت کو طے کرنا ہے وہ کس عمل کے تحت قیام امن چاہتے ہیں‘ پاکستان اچھے اور برے طالبان میں کوئی فرق نہیں رکھتا۔ بھارت کشمیری صحافی شجاعت بخاری کے قتل کی آزادانہ تحقیقات کرائے۔ ایف اے ٹی ایف پر امریکہ سمیت تمام سٹیک ہولڈرز سے رابطے میں ہیںاور وزارت خزانہ اس حوالے سے اقدامات کر رہی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے تصدیق کی تحریک طالبان پاکستان کا دہشت گرد ملا فضل اللہ افغانستان میں مارا گیا ہے۔ ترجمان نے کہا پاکستان گڈ اور بیڈ طالبان میں کوئی فرق نہیں رکھتا، تحریک طالبان پاکستان کو نشانہ بنائیں گے۔ ترجمان نے پاکستان اور بھارت سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا پاکستان نے گزشتہ 6ماہ میں 291 بھارتی قیدیوں کو آزاد کیا اور عید پر سیزفائر معاہدے کا خیر مقدم بھی کیا ہے۔ترجمان نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کمیشن کی کشمیر سے متعلق رپورٹ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا پاکستان انٹرنیشنل کمیشن کے قیام کی تجویز کا بھی خیر مقدم کرتا ہے، بھارت کی جانب سے رپورٹ کو مسترد کرنا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، بھارت حقائق چھپا نہیں سکتا، محمد فیصل نے کہا بھارت اس سے پہلے کلبھوشن یادیو کے معاملے پر بھی بھاگ چکا ہے ٗ پاکستان نے کلبھوشن سے متعلق حقائق سامنے رکھنے کا کہا تھا۔امریکی جیل میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے متعلق محمد فیصل نے کہا پاکستان کے ہیوسٹن میں موجود قونصل جنرل نے 23 مئی کو ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے ملاقات کی ٗ انہوں نے متعلقہ امریکی حکام سے ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے بدسلوکی کا معاملہ اٹھایا ہے۔ترجمان نے سابق پاکستانی سفیر جمشید مارکر اور ممتاز مزاح نگار مشتاق احمد یوسفی کے انتقال پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔اسلام آ با د سے آئی این پی‘نوائے وقت رپورٹ کے مطابق پا کستان نے کہا ہے بھارت عالمی سطح پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اجاگر ہونے پر گھبراہٹ کا شکار ہے۔ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کمشن کی کشمیر سے متعلق رپورٹ مقبو ضہ کشمیر میں انسا نیت سوز مظالم سے پردہ اٹھا رہی ہے،افغا نستان میں امن عمل کی ہمیشہ حما یت کی ہے تا ہم یہ افغان قیا دت کو طے کر نا ہے کہ وہ کس عمل کے تحت قیام امن چاہتے ہیں۔عافیہ صدیقی کی جانب سے والدہ کو خط لکھا گیاتا ہم اس خط کے مندرجات کانفیڈنشل ہیں۔نیشن رپورٹ کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر میں گورنر راج کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ گورنر راج سے بھارتی مظالم کئی گنا بڑھ جائیں گے۔