اسلام آباد (صباح نیوز) الیکشن کمیشن نے ملک بھر سے ضلع وار ووٹرز کے اعدادوشمار جاری کردیئے۔ اعدادو شمار کے مطابق ملک میں سب سے کم ووٹر بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں ہیں جن کی تعداد 39 ہزار 787 ہے جبکہ سب سے زیادہ ووٹرز پنجاب میں ہیں جس کے لاہور ڈسٹرکٹ میں ووٹرز کی تعداد 53 لاکھ 98 ہزار 623 ہے۔ صوبہ بلوچستان میں سب سے زیادہ ووٹر کوئٹہ میں 6 لاکھ 83 ہزار957 ہیں اور پنجاب میں سب سے کم ووٹر ضلع حافظ آباد میں 6 لاکھ 84 ہزار447 ہیں۔ سندھ میں سب سے کم ووٹر ٹنڈو محمد خان میں 2 لاکھ 74 ہزار941 ہیں اور صوبے کے سب سے زیادہ ووٹر کراچی کے ضلع سنٹرل ہیں جن کی تعداد 18 لاکھ 60 ہزار 137 ہے۔ اس کے علاوہ خیبر پی کے میں سب سے زیادہ ووٹر پشاور میں 16 لاکھ 93 ہزار 386 ہیں اور صوبے میں سب سے کم ووٹر کی تعداد طور گڑھ میں 90 ہزار 414 ہے جبکہ فاٹا میں سب سے کم ووٹر بنوں میں 12 ہزار 446 ہیں اور فاٹا میں سب سے زیادہ ووٹر باجوڑ ایجنسی میں 4 لاکھ 92 ہزار 732 ہے۔