شکست کر بھلا کر ایک مرتبہ پھر بلند عزائم کے ساتھ اکھٹے ہوئے ہیں،وہاب ریاض

Jun 22, 2019

لندن(سپورٹس رپورٹر) پاکستان ٹیم کے فاسٹ باولر وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے دو روز کی چھٹی سے تمام کھلاڑی بھارت کے خلاف میچ میں ہونے والی شکست کر بھلا کر ایک مرتبہ پھر بلند عزائم کے ساتھ اکھٹے ہوئے ہیں اور ایک ہی ہدف ہے کہ اپنے اگلے چاروں میچوں میں کامیابی حاصل کرنا ہے۔ لارڈز کرکٹ گراونڈ میں پریکٹس سیشن کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ چھٹی کی وجہ سے تمام کھلاڑی ذہنی پریشر سے آزاد ہوئے ہیں اور ایک نئے جذبے کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کے خلاف ہم نے فوکس کیا جس کی وجہ سے ہمیں کامیابی ملی۔ ایک اچھی ٹیم وہی ہوتی ہے جو ایک دوسرے کو سپورٹ کریں ہم آنے والے میچز میں کم سے کم غلطیاں کریں گے تاکہ کامیابی ہمارا مقدر بنے۔ وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف ہونے والی شکست پر ہمیں بہت زیادہ تنقید کا نشانہ بنایا گیا خاص طور پر ہماری فیملیز کو تنقید کی گئی، ہماری قوم بھارت کے خلاف میچ کو جنگ بنا لیتے ہیں، بھارت کے ہاتھوں شکست کا ہمیں بھی بہت زیادہ افسوس ہے۔ بھارت کے خلاف میچ میں ہم اپنی قوم کو خوشی نہیں دے سکے، ہماری پرفارمنس پر تنقید کی جائے گی تو ہم اسے مثبت لینگے اور اگر ہماری فیملیز کو تنقید کا نشانہ بنایا جائے گا اس سے ہمیں بھی دکھ ہوتا ہے۔ وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ ٹیم مینجمنٹ کی میٹنگ میں نئے اور پرانے گیند کے حوالے سے بنائی جانے والی حکمت عملی پر عملدرآمد کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ٹیم کے باولنگ کوچ اظہر محمود بہت اچھا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں افسوس کہ ہم ان کے پلان پر پورے نہیں اتر رہے ہیں۔ بھارت کے خلاف پریشر گیم ہوتی ہے افسوس اس بات کا ہے کہ ہم جتنے اچھے ہیں اتنا اچھا بھارت کے خلاف پرفارم نہیں کیا۔ بھارت کے خلاف میچ میں ہونے والی غلطیوں پر قابو پانا ہوگا۔ تمام کھلاڑی محنت کر رہے ہیں اگلے تمام میچز میں کامیابی کے لیے میدان میں اتریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جتنی محنت کر رہے ہیں میدان میں اتنا اچھا پرفارم نہیں کر پا رہے ہیں جو ہمارے لیے بھی پریشان کن بات ہے۔

مزیدخبریں