ورلڈکپ : مالنگا کی شاندار بائولنگ سری لنکا نے فیورٹ انگلینڈ کو20رنز سے شکست دیدی

Jun 22, 2019

لندن (سپورٹس رپورٹر) آئی سی سی ورلڈکپ کے 27ویں میچ میں سری لنکا نے ہاٹ فیورٹ انگلینڈ کو 20 رنز سے شکست دیدی۔ سری لنکا کے 233 رنز کے جواب میں میزبان ٹیم 212 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ سری لنکن بائولرز نے آغاز سے ہی حریف بلے بازوں کو دباؤ میں رکھا جس کی وجہ سے وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ بھی برقرار رہا۔ سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔ اننگز کا آغاز کرونارتنے اور کوشل پریرا نے کیا تاہم دونوں اوپنرز صرف 3 کے مجموعی سکور پر پویلین واپس لوٹ گئے۔ فرنینڈو اور کوشل منڈس نے سکور آگے بڑھایا، دونوں کے درمیان 59 رنز کی شراکت قائم ہوئی تاہم فرنینڈو 49 اور کوشل منڈس 46 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔190 رنز پر 5 کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد انجیلو میتھیوز اور ڈی سلوا کے درمیان57 رنز کی شراکت قائم ہوئی‘ ڈی سلوا 29 رنز بناکرآؤٹ ہوگئے، انجلو میتھیوز نے ناقابل شکست 85 رنز کی اننگز کھیلی ۔سری لنکا کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 232 رنز بناسکی۔میزبان انگلش ٹیم 233رنز کے تعاقب میں 212رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔ جوروٹ 57‘بین سٹوکس ناقابل شکست 82رنز بناکر نمایاں رہے ۔ جیمز ونس چودہ ‘جونی بیئر سٹو صفر ‘کپتان مورگن اکیس ‘جوز بٹلر دس ‘معین علی سولہ ‘کرس ووکس دو ‘عادل رشید ایک ‘جوفرا آرچر تین اور مارک ووڈ صفر پر آئوٹ ہوئے ۔ لاستھ مالنگا نے چار ‘ڈی سلوا نے تین جبکہ اڈانا نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔لاستھ مالنگا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔

مزیدخبریں