اسلام آباد (اے پی پی) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے ایسٹ ڈیکلیریشن ایکٹ 2019ء کو فنانس بل2019ء میں شامل نہ کرنے کی سفارش کی ہے۔ پریس ریلیز کے مطابق مالی سال 2019-20ء کے فنانس بل 2019ء کی شقوں اور ارکان سینٹ کی تجاویز کا جائزہ لے کر سفارشات تیار کرنے کے حوالے سے ایوان بالا کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر فاروق ایچ نائیک کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا۔ اجلاس میں بجٹ کے حوالہ سے منعقد ہونے والے کمیٹی کے گزشتہ اجلاسوں کے دوران فنانس بل 2019ء میں مؤخر کی گئی شقوں اور ان کے حوالہ سے اراکین کمیٹی کے تحفظات اور تجویز کر دہ ترامیم کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ایسٹ ڈیکلیریشن ایکٹ کو چونکہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں متعارف کرایا گیا تھا اس کو فنانس بل2019ء میں شامل کرنے کی ضرورت نہیں تھی۔ قائمہ کمیٹی نے سفارش کی ہے کہ فنانس بل2019ء سے اس کو واپس لیا جائے۔ قائمہ کمیٹی خزانہ نے مالی سال 2019-20ء کے فنانس بل 2019ء کی تمام شقوں کا تفصیلی جائزہ لے کر اراکین کمیٹی کی تجویز کر دہ سفارشات کا بھی جائزہ مکمل کر لیا اور 24 جون کو منعقد ہونے والے کمیٹی کے ممبران پر مشتمل اجلاس میں سفارشات کو حتمی شکل دے کر ایوان بالا کے اجلاس میں پیش کر دیا جائے گا۔
قائمہ کمیٹی خزانہ کی ایسٹ ڈیکلیریشن ایکٹ کو فنانس بل2019ء میں شامل نہ کرنے کی سفارش
Jun 22, 2019