اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) افغانستان میں قیام امن کے لئے لاہور پراسیس کے نام سے پہلی افغان امن کانفرنس آج بھوربن مری میں منعقد ہو گی۔ کانفرنس میں افغانستان کی تمام بڑی سیاسی جماعتوں کے قائدین شریک ہوں گے۔ 18 سیاسی جماعتوں و گروپوں کے 57 مندوبین شریک ہوں گے۔ گلبدین حکمت یار ‘ استاد عطاء نور سمیت دیگر اہم شخصیات بھی شرکت کرنے والوں میں شامل ہیں۔ افغان امن جرگہ کے سربراہ کریم خلیلی اور ازبک رہنما رشید دوستم اور افغانستان کے متعدد سینیٹرز اور ارکان اسمبلی بھی کانفرنس میں شریک ہوں گے۔ لاہور پراسیس سے عوامی رابطوں اور مستقبل کیلئے تجاویز کے تبادلہ کا موقع ملے گا‘ لاہور پراسیس میں افغان سکیورٹی کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا‘ پراسیس سے مستقبل کی حکومتوں کے درمیان اعتماد سازی کی فضا قائم کرنے میں مدد ملے گی۔ کانفرنس میں افغان مہاجرین کی باعزت وطن واپسی کے حوالے سے بھی بات چیت متوقع ہے۔ لاہور پراسیس میں مستقبل میں طالبان کی شمولیت کو بھی خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔ کانفرنس اس لئے بھی اہم ہے کہ افغان صدر کے دورہ پاکستان سے قبل ہو رہی ہے۔ صدر پاکستان عارف علوی افغان امن کانفرنس کے شرکاء کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے۔ کانفرنس کے شرکاء وزیراعظم عمران خان سے بھی ملاقات کریں گے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی افتتاحی سیشن سے خطاب کریں گے۔ کانفرنس میں بڑی تعداد میں سابق سفرائ‘ محققین اور تھنک ٹینکس شرکت کریں گے۔
لاہور پراسیس کے نام سے پہلی افغان امن کانفرنس آج بھوربن مری میں ہو گی
Jun 22, 2019