ایمنسٹی سکیم نہ لینے والے پریشان ہونگے، شبرزیدی: اثاثے ظاہر کرنے کیلئے آن لائن سسٹم کا اجراء

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+این این آئی+ صباح نیوز+ نوائے وقت نیوز) چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے اثاثے ظاہر کرنے کی سکیم کیلئے آن لائن پروفائل سسٹم کا اجرا کردیا۔ جمعہ کو یہاں وزیر مملکت ریونیو حماد اظہر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے کہا کہ آج سے ڈیٹا کی رسائی عوام کو دے دی گئی ہے۔ ہمارے پاس ٹریولنگ، یوٹیلٹی بلز، بینک ٹرانزیکشن کا ڈیٹا موجود ہے، شہری شناختی کارڈ کی بنیاد پر اپنے بارے میں آن لائن معلومات لے سکیں گے۔ دستیاب ڈیٹا کے علاوہ اضافی معلومات کی بنیاد پر ٹیکس اسیسمنٹ ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ایمنسٹی سکیم کے لیے اپنے شناختی کارڈ اور موبائل فون نمبر کی بنیاد پر ویب سائٹ پر ڈیٹا انٹری ممکن ہوگی، کوئی شخص کسی دوسرے کا پروفائل استعمال نہیں کرسکے گا۔ شبر زیدی نے بتایا کہ نادرا کی مدد سے تمام شہریوں کی معاشی سرگرمیوں کا ڈیٹا حاصل کیا گیا ہے۔ بینک ٹرانزیکشن اور یوٹیلٹی بلوں سمیت تمام معلومات ایف بی آر کے پاس ہیں۔ چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ کسی کی ذاتی معلومات کوئی دوسرا شخص حاصل نہیں کر سکے گا، آن لائن پروفائل سسٹم میں سکیورٹی فیچرز کا بھی خیال رکھا گیا ہے۔ ایمنسٹی سکیم کے علاوہ بھی شہری ایف بی آر سے آن لائن ڈیٹابیس کی معلومات لے سکیں گے۔ اس موقع پر وزیر مملکت ریونیو حماد اظہر نے کہا کہ ایف بی آر کے پاس 5 کروڑ 30 لاکھ افراد کا ڈیٹا موجود ہے۔ اس ڈیٹا کی بنیاد پر نوٹس بھی جاری کیے جا سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے 10 سال 2 حکومتیں جھوٹ بولتی رہیں۔ انہوں نے کوئی ڈیٹا بیس تیار ہی نہیں کیا تھا لیکن موجودہ حکومت نے ساڑھے پانچ لاکھ افراد کا ڈیٹا تیار کیا ہے۔ ہمارے پاس 5 کروڑ 30 لاکھ لوگوں کی معلومات کو ویب سائٹ پر ڈال دیا گیا ہے۔ چیئرمین ایف بی آر نے بتایا کہ ایف بی آر کی معلومات نادرا کے ساتھ شیئر نہیں کی گئی۔ پاکستان نئے دور میں داخل ہو رہا ہے۔ اب ڈیٹا کی بنیاد پر کارروائی کی جائے گی۔ تمام معلومات ایف بی آر اور نادرا کے پاس ہیں، لوگ اپنی اثاثہ جات کی تفصیلات ایف بی آر کی ویب سائٹ اور نادرا کی ویب سائٹ پر دیکھی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ان معلومات کا مقصد ہے کہ لوگ ایمانداری سے ٹیکس دیں، کسی کو ہراساں نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا غلط معلومات والے افراد بھی ایف بی آر کو آگاہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایمنسٹی سکیم میں ٹائم کم نہیں لوگ فائدہ اٹھائیں۔ لوگوں کو معلوم ہونا چاہئے کہ ان کے شناختی کارڈ پر ہمارے پاس معلومات آ رہی ہیں، ان معلومات کو کسی شخص کے خلاف نوٹس نہیں بھیجا جائے گا۔ چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ ویب سائٹ کا مقصد ٹیکس جمع کرانے والوں کی تفصیلات کو دیکھنا ہے۔ نادرا صرف معلومات دے گا، ٹیکس اکٹھا کرنا ہمارا کام ہے۔ جو ادارے معلومات رکھتے ہیں ان سے ہماری کوآرڈی نیشن ہوگی۔ ٹیکس ایمنسٹی سکیم کی تاریخ بڑھانے سے متعلق سوچنے والے افراد غلط ہیں۔ سکیم کی تاریخ 30جون سے نہیں بڑھائیں گے۔ ہمارا مقصد کسی کو ہراساں کرنا نہیں ہے۔ ڈیٹا کی بنیاد پر اسیسمنٹ نوٹس جاری نہیں کریں گے۔ بینکوں سے اکائونٹ ہولڈرز کی تفصیلات مانگی تھیں۔ ٹیکس اسی وقت اکٹھا ہوتا ہے جب حکومت کے پاس ڈیٹا ہو۔ ہم اکائونٹ ہولڈرز کو ڈیل نہیں کرنا چاہتے، بینک اپنے اکائونٹ ہولڈرز کو خود ڈیل کریں۔ شبر ریدی نے کہا کہ جو ایمنسٹی سکیم لیں گے وہ خوش رہیں گے اور جو نہیں لیں گے انہیں پریشانی ہو گی۔ علاوہ ازیں ٹیکس چوروں کے خلاف نادرا اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو متحرک ہو گئے۔ نادرا نے ایف بی آر کو 40 لاکھ افراد کا ڈیٹا فراہم کر دیا۔ ایف بی آر کے مطابق نادرا کا ڈیٹا تھری ڈی ہے اور سب کچھ بتائے گا۔ بتایا گیا ہے کہ ٹیکس چوروں کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کیلئے ملک گیر سطح پر کارروائی کی تیاریاں جاری ہیں۔ نادرا کی جانب سے مہیا کئے جانے والے ڈیٹا میں بیرون ملک سفر کرنے والوں اور پوش علاقوں میں رہائش پذیر افراد کے نام شامل ہیں۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے خط کے ذریعے ڈیٹا طلب کیا تھا جس میں بے نامی جائیدادیں‘ پلازے اور دکانوں کے مالکان کے نام پوچھے گئے تھے جو نادرا کے بھجوائے ڈیٹا میں شامل ہیں۔ ایف بی آر نادرا کے فراہم کردہ ڈیٹا پر کارروائی کر سکے گا۔

ای پیپر دی نیشن