سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ میں نے 8 سال این آر او نہیں مانگا تو اب کیوں مانگوں گا جبکہ وزیراعظم عمران خان میثاق معیشت پر اپوزیشن کو اعتماد میں لیں۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میثاق معیشت پر وزیراعظم اپنے خیالات کے بارے میں اعتماد میں لیں، وزیراعظم کی تجاویز سامنے آئیں گی تو اپنی جماعت پی پی پی اور اپوزیشن سے بات کریں گے۔میثاق معیشت پر حکومتی آمادگی سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سپیکر کے کہنے سے کچھ نہیں ہوتا، سپیکر کسی جماعت سے نہیں بلکہ نیوٹرل ہوتا ہے۔وزیراعظم کے ایمنسٹی سکیم اچھوں کے لئے اچھی اور بروں کے لئے بری کے بیان سے متعلق سوال آصف زرداری نے جواب دیا کہ پھر تو ایمنسٹی سکیم عمران خان کے لئے بری ہوگی۔ این آر او کے بارے میں سابق صدر زرداری نے کہا کہ میں نے 8 سال 3 مہینے این آر او نہیں مانگا تو اب کیوں مانگوں گا۔