واشنگٹن (این این آئی) امریکا میں غلامی سے آزادی کے دن پر نسل پرستی کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین نے کئی مجسمے گرا دیئے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 19 جون کو امریکا میں ’’جون ٹینتھ‘‘ کے نام سے دن منایا جاتا ہے جس دن امریکا میں غلامی کے دور کا اختتام ہوا۔ کئی شہروں میں غلامی کی حامی شخصیات کے مجسمے گرا دیے گئے۔ علاوہ ازیں ریاست سان فرانسسکو اور نارتھ کیرولائنا میں بھی مجسمے گرائے گئے۔ مظاہرین کی جانب سے واشنگٹن کے شہر سیاٹل میں بنائے گئے خودمختار پولیس فری زون میں فائرنگ سے ایک شہری ہلاک اور دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔ خبر ایجنسی کے مطابق مقامی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ جائے وقوعہ پر پولیس کو زخمیوں تک جانے سے روک دیا گیا تھا۔امریکی شہر منیاپولس میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور 11 افراد زخمی ہو گئے۔ امریکی میڈیا کے مطابق منیاپولس میں فائرنگ سے زخمی ہونے والوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔منیا پولس کے محکمہ پولیس کی جانب سے فائرنگ سے ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے، نہ ہی کسی کی گرفتاری ظاہر کی ہے۔