ایم کیو ایم کا بھارت سے پیسے لینا حقیقت ، قتل و غارت میں ملوث لوگ معزز بن گئے:محمد انور

Jun 22, 2020

لندن (نوائے وقت رپورٹ) ایم کیو ایم لندن کے سابق رہنما محمد انور نے انکشاف کیا ہے ان کی جماعت کا بھارت سے رقم لینے کا معاملہ حقیقت ہے۔ محمد انور نے اپنے ایک بیان میں کہا بھارت سے تعلقات کے حوالے سے صرف مجھے الزام دینا سراسر غلط ہے، 90 کی دہائی کی ابتدا میں ندیم نصرت نے بھارتی سفارت کار سے میری ملاقات کرائی، بھارتی سفارت کار سے پارٹی کے حکم پر وسطی لندن میں ملاقات کی تھی۔ انہوں نے بھارت سے پیسے لینے کی بات کو حقیقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت سے پیسے لے کر ہمیشہ پارٹی قیادت کو دیے، بھارت سے لی گئی رقم کا ایک روپیہ بھی زندگی بھر اپنی ذات پر خرچ نہیں کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ میرا ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل سے تعلق نہیں ہے، ڈاکٹر عشرت العباد کو بھی ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کی تحقیقات میں شامل کرنا چاہیے، عشرت العباد کے ایم آئی سکس کے حوالے سے میری تصاویر کے بارے میں دعویٰ بے بنیاد ہے۔ سابق رہنما ایم کیو ایم لندن نے کہا کہ میرے والد نے پاکستان کے لیے جیل کاٹی، سسر بانیان پاکستان میں شامل تھے، حقائق سامنے لانے کے لیے پاکستانی حکام کے ساتھ تعاون کرنے کو تیار ہوں، ہمیشہ پاکستان کی خدمت کرنے کی کوشش کی۔ ان کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عمران فاروق کو ذلیل کر کے پارٹی سے نکالا گیا، معطل کرنے کا مقصد ہی ذلیل کرنا تھا، قتل وغارت کے تمام کاموں میں ایم کیو ایم پاکستان ملوث تھی، کراچی میں قتل و غارت کرنے والے آج معزز بنے بیٹھے ہیں۔ محمد انور نے کہا کہ ایم کیو ایم کے ‘‘پارساوں’’ کی کارستانیوں کا الزام مجھ پر دھرنا ناقابل برداشت ہے، ڈاکٹر عمران فاروق کے ساتھ میرے اچھے تعلقات تھے۔ دریں اثناء پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے بانی کو لوگوں کا خون چاہیے، بھارت اْنہیں پیسے دیتا ہے۔ مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ الطاف حسین، عمران فاروق جیسے بڑے کو مار سکتا ہے تو کسی کو بھی مارسکتا ہے، میں نے 2016 میں یہ بات کی تھی لیکن عدالت نے آج ثابت کیا۔ انہوں نے کہا کہ بانی ایم کیوایم کو لوگوں کا خون چاہیے، بھارت انہیں پیسے دیتا ہے، میرے سامنے اس نے کہا کہ بھارت پیسے دیتا ہے، ہمیں بانی ایم کیو ایم کے ساتھ رہنے کا دنیاوی فائدہ تھا لیکن ہم نے اللہ کے خوف سے ان سے دوری کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو بانی ایم کیو ایم نے قاتل اور را کا ایجنٹ بنایا۔

مزیدخبریں