لاہور‘ فیروز والا‘ سیالکوٹ (نمائندہ خصوصی‘ نامہ نگاران‘ نوائے وقت رپورٹ) لاہور سمیت کئی علاقوں میں آندھی اور موسلادھار بارش سے گرمی کے ستائے شہریوں کو قرار آ گیا۔ مرجھائے چہرے کھل اٹھے۔ دوسری جانب سیالکوٹ میں مکان کی چھت گرنے سے 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔ پسرور‘ اگوکی میں دیواریں گرنے سے 2 بچوں سمیت 3 افراد جبکہ شاہدرہ کے علاقوں میں بل بورڈ اور چھت گرنے کے باعث 5 افراد اور بند روڈ پر پٹرول پمپ کی دیوار گرنے سے 7 افراد زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت کئی شہروں میں تیز آندھی اور موسلادھار بارش ہوئی‘ درخت اکھڑ گئے۔ بل بورڈ اور چھتیں گرنے کے واقعات پیش آئے۔ سیالکوٹ فروٹ منڈی میں دکان کی چھت گرنے سے تین افراد 25 سالہ سلمان، 45 سالہ ریاض اور ایک نامعلوم ملبے تلے دب گئے۔ ریسکیو 1122کے جوانوں نے تینوں نعشوں کو ملبے سے نکال کر مقامی پولیس کے حوالے کر دیا۔ طوفان سے پسرور کے گاؤں ولانہ میں بھی گھر کی دیوار گر گئی اور طارق محمود کا تین سالہ بیٹا محمد ارسل اور آٹھ سالہ بیٹی سدرہ بی بی زخمی ہو گئے جبکہ اگوکی میں گھر کی دیوار گرنے سے محمد صابر زخمی ہو گیا۔ جبکہ شاہدرہ لاہور میں تیز آندھی اور بارش کے باعث بل بورڈز رکشوں پر گر گئے جس سے 3 افراد زخمی ہو گئے۔ ان میں سے ایک کی حالت نازک ہے۔ کئی مقامات پر طوفان بادو باراں کے دوران درخت اکھڑ گئے جبکہ مختلف علاقوں کی بجلی بھی معطل ہو گئی۔ بل بورڈ گرنے کے باعث ایک گاڑی تین رکشے اور موٹر سائیکل کو بھی نقصان پہنچا۔ دوسری جانب بنڈ روڈ کے قریب پٹرول پمپ کی دیوار گرنے کے باعث 7 افراد زخمی ہوگئے۔ زخمی ہونے والوں میں 5 سالہ عمر‘ 18سالہ گل پری‘ 15سالہ صفیہ‘ 18سالہ گل ناصر‘ 15سالہ عاصیہ‘ 21 سالہ روح افزا‘ 40 سالہ گل زریں شامل ہیں۔ جن کی حالت خطر ے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ علاوہ ازیں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بالاکوٹ 2 اور کالام میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا۔ وسطی اور جنوبی علاقے شدید گرم رہے۔ سب سے زیادہ درجہ حرارت دادو‘ موہنجو داڑو میں 47 ‘ نوکنڈی اور نورپورتھل میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے اکثر علاقوں میں گرمی کی لہر برقرار رہنے کا امکان ہے۔ جبکہ کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔