لاہور (پ ر) سورج گرہن رب کریم کی نشانیوں میں سے ہے۔ اس موقع پر خشوع خضوع کے ساتھ طویل دو رکعت پڑھنے‘ رب کریم کی حمد و ثناء ‘ تحمید و تقدیس اور استغفار کرنے کے احکامات ہیں۔ ان خیالات کا اظہار تحریک دعوت توحید کے مرکزی قائد میاں محمد جمیل نے جامع مسجد ابوہریرہؓ کریم بلاک میں نماز کسوف کی ادائیگی کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ سورج‘ چاند گرہن کا کسی کی موت یا زندگی سے کوئی تعلق نہیں۔یہ رب کریم کی نشانیاں ہیں۔
اس حوالے سے آقاؐ کی تعلیمات اور احادیث مبارکہ سے بھی مکمل رہنمائی ملتی ہے۔ میاں محمد جمیل نے کہا کہ آقاؐ کے بیٹے حضرت ابراہیمؓ کی کمسنی میں وفات پر اتفاق سے سورج گرہن ہوا تو نبی کریمؐ اپنے صحابہ کرامؓ کی مکمل رہنمائی فرماتے ہوئے ہر قسم کی بدشگونیوں کو مسترد کر دیا۔ آپؐ نے فرمایا کہ یہ رب ذوالجلال کی نشانیاں ان کا کسی کی وفات یا ولادت سے تعلق نہیں۔ میاں محمد جمیل نے مزید کہا کہ افسوس ہے کہ آج شعور و آگہی کے اس دور میں بھی سورج‘ چاند گرہن کے موقع پر تو ہم پرستی نے عقائد‘ ایمان اور اعمال کو یرغمال بنا رکھا ہے۔