اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے فادر ڈے کے موقع پر اپنے والد کا اپنے نام لکھا گیا خط ٹویٹ کر دیا ہے۔ انہوں نے لکھا کہ اپنے والد پر قربان ہونے کے لئے ایک زندگی بہت کم ہے۔ مریم نواز نے فادر ڈے کے موقع پر اپنے والد نواز شریف کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے گیارہ اکتوبر 2019ء کو نواز شریف کی جانب سے اپنے نام لکھا خط بھی ٹویٹ کیا ہے۔ اس میں نواز شریف نے مریم کے لئے اپنی فکر مندی کا اظہار کیا تھا۔ مریم نواز کا کہنا ہے کہ میرے لئے ہر دن ہی فادر ڈے ہے۔ آج کے دن اس چھوٹے سے خط سے بڑا کوئی خراج تحسین نہیں ہے۔ ایک انتقام سے دوسرے انتقام کی طرف جاتے ہوئے بھی باپ کو اپنی ذات کی نہیں، دوسری کال کوٹھڑی میں پڑی بیٹی کی فکر ہے۔ مریم نواز نے ٹویٹ پیغام میں کہا میرے لئے ہر دن فادرڈے ہے مگر آج کے دن اس چھوٹے سے خط سے بڑا کوئی ٹریبیوٹ نہیں۔مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام کے ساتھ جیل کے دنوں میں والد کی طرف سے ملنے والی چٹھی شیئر کی۔ جبکہ چٹھی پر 11اکتوبر 2019 لکھا واضح پڑھا جاسکتا ہے۔ چٹھی پر لکھا ہے کہ " ڈیئرمریم بیٹی، مجھے نیب والے چوہدری شوگر ملز کیس میں آج لے جارہے ہیں، اللہ سے دعا ہے کہ ہم سب کے لیے آسانیاں فرمائے، اپنا خیال رکھنا اور گھبرا نا مت، اللہ بہت رحم فرمائے گا، میری دعائیں، آپ کے ساتھ ہیں۔