کراچی(نیوز رپورٹر) معروف عالم دین اور جامعہ بنوریہ کے مہتمم مفتی نعیم کو کراچی میں والد قاری عبدالحلیم کے پہلو میں سپردخاک کردیا گیا۔ مفتی نعیم کی نماز جنازہ جامعہ بنوریہ میں مفتی تقی عثمانی نے پڑھائی جس میں علمائے کرام، سیاسی و سماجی شخصیات اور دیگر افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ نماز جنازہ میںوفاق المدار س العرابیہ کے ناظم اعلی قاری محمد حنیف جالندھری ، ڈاکٹر محمد عادل خان، مولانا عبید اللہ خالد. جامعہ اشرف المدارس کے مہتمم مولانا حکیم مظہر، جامعہ دارالعلوم کراچی مولانا عمران اشرف عثمانی، جامعہ دارلعلوم صفہ کے قاری حقنواز، مفتی محمد زبیر، مولانا تنویر الحق تھانوی، بیت السلام کے مولانا عبدالستار جمعیت علما اسلام کے مولانا راشد محمود سومرو ، قاری محمد عثمان، ناصر محمود سومرو ،مولانا حماداللہ مدنی ،حافظ احمد علی. جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر ڈاکٹر معراج الھدی صدیقی ، کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن ، ایم کیوایم کے سابق سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار،اظہار الدین تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر سعید آفریدی اور دیگر نے شرکت کی ۔ شیخ الحدیث مفتی محمد نعیم کے فرزند مفتی محمد نعمان نعیم نے کہاکہ آج کا دن میرے لیے انتہائی دکھ اور تکلیف کا ہے ۔ اس دکھ کی گھڑی میں دعاوں، تعزیت اور رابطوںکے ذریعے اپنی ہمدردی و تعاون کا اظہارکرنے والوں کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ دینی علمی اور ملی خدمات کو جاری رکھے گا۔ مولانا عطا الرحمن ، جماعت اسلامی کے مرکزی نائب لیاقت بلوچ، انڈونیشا قونصل جنرل ودیگر ملکی وغیر ملکی عمائدین نے مفتی محمد نعیم کے صاحبزادوں مفتی نعمان نعیم اور حافظ محمد حنظلہ ودیگرسے جامعہ میں تعزیت کی۔ علاوہ ازیں مجلس احرار اسلام کراچی کے مرکزی امیر مفتی عطا الرحمن قریشی و دیگر نے بھی اظہار تعزیت کی صدر عارف علوی نے مفتی محمد نعیم کے صاحبزادے مولانا نعمان نعیم سے فون پر تعزیت کی جبکہ مولانا طارق جمیل نے بھی فون پر اہلخانہ اور دیگر لواحقین سے تعزیت کی۔
مفتی نعیم کی نماز جنازہ ادا ، جامعہ بنوریہ میں والد کے پہلو میں سپرد خاک
Jun 22, 2020