پی آئی اے طیارہ حادثہ کی تحقیقاتی رپورٹ آج وزیراعظم کوپیش، منظر عام پر آئے گی

Jun 22, 2020

اسلام آباد ( سپیشل رپورٹ، وقائع نگار خصوصی) کراچی میں گزشتہ ماہ ہونے والے پی آئی اے طیارہ حادثہ کی تحقیقاتی رپورٹ آج پیر کے روز منظر عام پر آجائے گی۔ وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان رپورٹ کوپبلک کریں گے ۔ پی آئی اے کے طیارہ اے 320 کو پیش آنے والے حادثہ میں 97 مسافر جاں بحق ہوئے تھے۔ اس حادثہ کی تحقیقات کے لیے حکومت نے ایک تحقیقاتی کمیشن بنایا تھا جس کی رپورٹ آج متوقع ہے طیارہ کے حادثہ کی ٹیکنیکل تحقیقات کے لیے ائیر بس اے 320 بنانے والی فرانسیسی طیارہ ساز کمپنی کے ماہرین بھی کراچی آئے تھے جو طیارے کے بلیک باکس، وائس ریکارڈ وغیرہ ساتھ لے گئے تھے ان کی تحقیقاتی رپورٹ بھی مذکورہ رپورٹ کا حصہ ہوگی۔پی آئی اے طیارہ حادثے کی ابتدائی رپورٹ آج وزیراعظم عمران خان کو پیش کر دی جائے گی۔ وزیراعظم عمران خان نے دو تین روز قبل ایک اجلاس میں وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان سے کراچی طیارہ حادثہ کی تحقیقاتی رپورٹ سے متعلق استفسار کیا تھا۔وفاقی وزیر غلام سرور خان نے وزیراعظم کو پیر کو رپورٹ پیش کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی، وفاقی وزیر غلام سرور خان آج پی آئی اے طیارہ حادثہ کی ابتدائی رپورٹ پیش کریں گے۔ رپورٹ میں حادثے کا ذمہ دار کون تھا، کس کی غلطی تھی تمام نکات سامنے آئیں گے۔

مزیدخبریں