لاڑکانہ(بیورو رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان عوام کے ساتھ ساتھ اپنے اتحادیوں کا اعتماد اور حمایت کھو بیٹھے ہیں، وفاقی حکومت اور وزیراعظم کی بے ساکھیوں پر کھڑی اکثریت اب اقلیت میں تبدیل ہوتے نظر آرہی ہے، وزیراعظم اپنے خلاف عدم اعتماد(ووٹ آف نو کانفیڈنس) پیش ہونے سے قبل استعیفا دیں، ملک کو بحرانی صورتحال سے نکالنے کے لئے قبل از وقت نئے انتخابات کروائیں جائیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی 67 ویں سالگرہ کا کیک کاٹنے کے موقع پر کارکنان کو خطاب کرتے ہوئے کیا، نثار کھوڑو کا مزید کہنا تھا کہ اختر مینگل کیجانب سے علیحدگی کا اعلان ، پنجاب میں پی ٹی آئی کے متعدد اراکین کا ناراض ہونا اور ایم کیو ایم کے فروغ نسیم کیجانب سے ملک میں صدارتی نظام یا مارشل لا کے نفاذ کی باتیں کرنا وزیراعظم عمران خان پر ان کے اتحادیوں کا کھلا عدم اعتماد ہے، وزیراعظم عمران خان کے اتحادی وفاقی حکومت کی ڈوبتی کشتی میں اب مزید سوار رہنا نہیں چاہینگے، دوسری جانب نثار کھوڑو نے شہید بینظیر بھٹو کی سالگرہ کے موقعے پر ایس او پیز کے ساتھ پیپلزیوتھ کے رہنماؤں و ورکرز کے ہمراہ اپنی رھائشگاہ پر شہید بینظیر بھٹو کی 67ویں سالگرہ کا کیک کاٹا۔