لاہور‘ ملتان (نیوز رپورٹر‘ صباح نیوز) لاہور سمیت مختلف شہروں میں گرمی کی شدت بڑھتے ہی اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ تفصیل کے مطابق گرمی کی شدت میں اضافے کیساتھ ہی بجلی بندش کی شکایات بھی بڑھ گئی ہیں۔ لوڈ بڑھنے سے ٹرپنگ اور تاروں کا جلنا بھی معمول بن چکا ہے۔ دیہی علاقوں اور ہائی لاسز فیڈرز پر 3 سے 4 گھنٹے بجلی بند ہونے لگی ہے۔ تاہم لیسکو ترجمان کا موقف ہے کہ لاہور شہر میں کہیں بھی لوڈشیڈنگ نہیں کی جا رہی، سسٹم اوور لوڈ ہونے اور فنی خرابیوں کے باعث بجلی بندش کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ان کا کہنا تھا ترسیلی نظام میں خرابی کی درستگی میں 1 سے 2 گھنٹے کا وقت درکار ہوتا ہے۔ چند دیہی علاقوں اور ہائی لاسز فیڈرز پر لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ ملتان میں میپکو نے بجلی کی غیراعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع کر دیا جس سے معمولات زندگی متاثر ہونے کے ساتھ الیکٹرونکس کا سامان جلنے پر گھریلو اور کمرشل صارفین دونوں ہی دوہری اذیت کا شکار ہیں۔ ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے تیرہ اضلاع میں میپکو کے گھریلو اور کمرشل صارفین کی تعداد 58 لاکھ سے تجاوز کر گئی جن کیلئے روزانہ 2900 میگا واٹ بجلی درکار ہے لیکن میپکو نے گرمی کی شدت کے باعث گرڈ اوور لوڈ ہونے پر شٹ ڈائون کو جواز بنا شہری علاقوں میں چار گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں6گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ شروع کر دی۔جب کے بغیر ریڈنگ اوور بلنگ بھی جاری ہے۔ ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اوور بلنگ کی شکایات موصول ہو رہی ہیں جن کو حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
لاہور سمیت کئی شہروں میں لوڈشیڈنگ‘ شہری بے حال
Jun 22, 2020