لاہور‘ نارنگ منڈی‘ چیچہ وطنی(کامرس رپورٹر‘ نامہ نگاران) یوٹیلٹی سٹورز ‘ تھوک مارکیٹس میں عدم دستیابی کے باعث چینی کی قیمت میں اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا‘ جبکہ سٹورز سے آٹا ہی غاب ہے۔ چیچہ وطنی میں چینی نایاب ہو گئی اور کئی مقامات پر بلیک میں 90روپے کلو تک فروخت ہوتی رہی۔ تفصیلات کے مطابق یو ٹیلیٹی سٹوروں اور تھوک مارکیٹوں میں چینی کی عدم دستابی سے اس کی قیمت بڑھنے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ واضح رہے کہ ریٹیل میں چینی فی کلو 85 سے 90 روپے کے درمیان فروخت ہو رہی ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ تھوک مارکیٹ میں چینی کی فی کلو قیمت 76سے 78 روپے کلو ہے اس کی قیمت میں گزشتہ تین مہینوں کے دوران کوئی نمایاں کمی بیشی نہیں ہوئی ہے۔جبکہ یوٹیلیٹی سٹوروں پر آٹے کیساتھ چینی بھی گائب ہو گئی ہے اس کی وجہ دونوں کموڈیٹیز کا اوپن مارکیٹ کے مقابلہ میں سستاہونا ہییوٹیلیٹی سٹور حکام کا کہنا ہے کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر آئندہ ہفتے سے چینی کی فراہمی شروع کر دی جائیگی ، تمام اسٹورز پر چینی 68 روپے فی کلو میں فروخت کی جائے گی جبکہ آٹے کی قلت کے خاتمہ کے لئے سپلائی رواں ہفتہ کے دوران شروع ہوجائے گی اس ضمن میں بتایا گیا ہے کہ پاسکو سے گندم لے کر ملز کو دے دی گئی ہے جبکہ آٹے پر وفاقی حکومت کی سبسڈی برقرار رہیگی اور آٹے کا 20 کلو تھیلا 800 روپے میں ہی فروحت کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں نارنگ منڈی میں آٹا کی گرانی اور قیمتوں میں ہولناک اضافہ نے عوام کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ شہری سڑکوں پر نکل آئے سماجی رہنما چوہدری اعظم علی باجوہ کی قیادت میں شدید احتجاج کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس وافر مقدار میں گندم کا ذخیرہ موجود ہے اور فلور ملوں کو سرکاری گندم نہ ملنے کی وجہ سے روزانہ کی بنیاد پر آٹا کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔