اسلام آباد (نامہ نگار) وفاقی حکومت کا ملک میں تعلیمی سرگرمیاں بحال کرنے سے متعلق اہم فیصلہ کر لیا۔ وفاقی وزارت تعلیم نے ٹرائل بنیادوں پر سکول کھولنے پر صوبوں سے تجاویز طلب کر لیں۔ ماہرین تعلیم نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں کو مرحلہ وار کھولا جائے اور چھوٹی کلاسوں کو ستمبر میں بحال کیا جائے، دستیاب وفاقی وزارت تعلیم کے جوائنٹ سیکرٹری سید عمیر جاوید کی جانب سے نوٹیفکیشن کے مطابق تعلیمی اداروں کو ٹرائل بنیادوں پر کھولنے کا پلان بنایا گیا ہے جس کے لئے وفاق نے دو جولائی کو بین الصوبائی وزرا تعلیم کانفرنس بھی طلب کر لی۔ وزارت تعلیم کے مطابق تمام صوبے تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق تجاویز اور مکمل پلان 23 جون تک بھجوائیں۔ ایچ ای سی، وفاقی نظامت تعلیمات سمیت متعلقہ حکام سے بھی تجاویز طلب کی گئی ہیں، بین الصوبائی وزرا تعلیم کانفرنس کے بعد قومی رابطہ کمیٹی کو سفارشات بھجوای جائیں گی، ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی رابطہ کمیٹی تعلیمی اداروں کو کھولنے یا مزید بند رکھنے کا حتمی فیصلہ کرے گی۔