اسلام آباد(عبداللہ شاد، خبر نگار خصوصی) راہول گاندھی کے ٹویٹ پر بھارتی سیاست میں بھونچال برپا ہے اور اپوزیشن اور سرکار کی جانب سے ایک دوسرے کو نت نئے القابات سے نوازا جا رہا ہے۔ کانگرس کے نائب صدر راہول گاندھی نے بھارت چین کشیدگی کے ضمن میں ٹویٹ کرتے کہا ہے کہ ’’ نریندر مودی اصل میں سرینڈر مودی ہے‘‘۔ کمیونسٹ پارٹی کے رہنما انیل بھاٹیہ نے کہا ہے کہ مودی اتنے اہتمام سے جو ’’ یوگ دیوس (یوگا ڈے) مناتے ہیں اس کی جگہ انھیں سوگ دیوس منانا چاہئے۔ راہول گاندھی نے اپنے ٹویٹ میں جاپان ٹائمز کے ایک مضمون کا بھی حوالہ دیا ہے جس میں کہا گیا ہے بھارت چین کے خلاف بیک فُٹ پر ہے۔ مودی چین کو خوش کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں۔ اس ٹویٹ پر اکالی دل کے رہنما منجندر سنگھ سرسرا نے ردعمل ظاہر کرتے کہا کہ ’’راہول گاندھی اصل میں چائنیز گاندھی ہیں‘‘ جبکہ بی جے پی کے ترجمان گورو بھاٹیا کا کہنا ہے کہ ’’ راہول گاندھی اصل میں غدار گاندھی ہیں‘‘۔ آسام حکومت کے وزیر صحت ہیمنت بِسو نے کہا ہے کہ راہول گاندھی اس خاندان سے تعلق رکھتے ہیں جو شروع سے غداری پر مبنی پالیسی اپنائے ہوئے ہے، جواہرلعل نہرو نے 1962 میں آسام لگ بھگ چین کو دے ہی دیا تھا، یہ بھی ایک معجزہ ہے کہ آسام چین کے زیر قبضہ نہیں ورنہ تب کے بھارتی رہنمائوں نے آسام چین کو دینے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی تھی۔
نریندر مودی اصل میں سرینڈر مودی ہے: راہول گاندھی پھر برس پڑے
Jun 22, 2020