رائل پام گالف اینڈکنٹری کلب کے حوالے سے حتمی لائحہ عمل طے

Jun 22, 2020

اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت) سیکرٹری /چیئرمین ریلویز حبیب الرحمان گیلانی کی زیر صدارت ریلوے ہیڈکوارٹرز آفس لاہور میںسپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میںرائل پام گالف اینڈکنٹری کلب کے حوالے سے حتمی لائحہ عمل طے کرلیاگیاہے ۔ تفصیلات کے مطابق اجلا س میںبتایاگیاکہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کی روشنی میں ریلوے کی مینجمنٹ کمیٹی نے جب رائل پام گالف کنٹری کلب کے انتظامات سنبھالے تو بہت سے مسئلے درپیش آئے لیکن ریلوے کی مینجمنٹ نے ان مسائل پر نہ صرف قابو پایا بلکہ بہت احسن طریقے سے اس کو آگے بڑھایاگیا۔ ریلوے مینجمنٹ کمیٹی نے جولائی 2019 سے لے کر مئی 2020 تک 38 کروڑ 18 لاکھ پانچ ہزار تین سو پچاس روپے ریونیو کی مد میں کمائے اور 33کروڑ 90لاکھ 53 ہزار 8 سو 28 روپے تمام واجبات کی مد میں جس میں ملازمین کی تنخواہیں بھی شامل ہیں اخراجات کیے۔ جبکہ 4 کروڑ 27 لاکھ 51 ہزار 5سو 22 روپے نیٹ پرافٹ حاصل کیاجس کا کریڈٹ ریلوے کی مینجمنٹ کمیٹی کو جاتا ہے جس نے دن رات محنت کرکے رائل پام گالف کنٹری کلب کے ممبرز کو بہترین سہولیات کے ساتھ ساتھ اُن کا اعتماد بھی حاصل کیااور نفع بھی کمایا۔ اب تک مینجمنٹ کمیٹی نے رائل پام میں کسی ملازم کو نہیں نکالا۔ اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ انٹرنیشنل ٹینڈر فار آپریٹر اینڈ ڈویلپرز کرنے جارہے ہیں جو رائل پام کنٹری کلب کو مکمل طور پر چلائے گااور اس کو مزید بین الاقوامی معیار کے مطابق بنائے گا۔ اجلاس میں یہ بھی بتایا گیاکہ جب ریلوے مینجمنٹ کمیٹی نے چارج سنبھالہ تو 33 گالف کارٹس میں سے 8ورکنگ حالت میں تھے لیکن ریلوے انجینئرز نے 10 گالف کارٹس کو مزید ورکنگ حالت میں تیار کردیا۔ گالف کورٹس کی گھاس کی کٹنگ کو جدید تقاضوں کے مطابق تیارکیاگیاجس کی وجہ سے ممبرز کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے بہتری لائی گئی اور بہت سے مقابلے منعقد کیے گئے اور انٹرنیشنل لیول کو معیار کو مد نظر رکھتے ہوئے رائل پام گالف اینڈکنٹری کلب کو اپ گریڈ کیاگیا۔ ریلوے مینجمنٹ کمیٹی کو اس بات کا یقین ہے کہ انٹرنیشنل بڈرز کے لیے اتنے بڑے رقبے کے ساتھ یہ بہت پُر کشش ہوگااوراسے سٹیٹ آف دی آرٹ بنانے کے ساتھ ساتھ ثقافتی لحاظ سے رائل پام گالف اینڈکنٹری کلب کو ثانوی حیثیت حاصل ہوگی جس سے ریلوے کوبھی رائل پام گالف اینڈکنٹری کلب کی مد میں مزید آمدنی حاصل ہونے کی توقع ہے ۔ اجلاس میں چیئرمین ریلویز حبیب الرحمان گیلانی،آئی جی ریلویزعارف نوازخان، چیف ایگزیکٹوآفیسر دوست علی لغاری، ایڈیشنل جنرل منیجر ٹریفک زبیر شفیع غوری، ایڈیشنل جنرل منیجرانفراسٹرکچر نثار احمد میمن،ایڈیشنل جنرل منیجرمکینیکل سلمان صادق، پروجیکٹ ڈائریکٹر پی ایم یو حفیظ اللہ خان کے علاوہ سنیئر افسران نے شرکت کی۔

مزیدخبریں