امجد صابری کومداحوں سے بچھڑے چار برس بیت گئے

Jun 22, 2020 | 12:57

ویب ڈیسک

 پاکستان کے معروف قوال امجد فرید صابری کو مداحوں سے بچھڑے چار برس بیت گئے۔ امجد صابری کو 4 سال قبل کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایاگیا تھا۔
امجد صابری نے 23 دسمبر 1976 کو کراچی کے معروف قوال گھرانے میں آنکھ میں آنکھ کھولی۔ انہوں نے قوالی کی ابتدائی تربیت والد غلام فرید صابری اوربڑے بھائی عظمت صابری سے لی ، فنی تعلیم وتربیت کے بعد امجد صابری نے قوالی کے شعبے میں جس انداز سے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اس کی مثال کم ہی ملتی ہے۔ انہوں نے 1988ء میں پہلی بار صرف 12 سال کی عمر میں اسٹیج پر پرفارم کیا ۔اپنے والد کی زندگی میں تو انہی کے ساتھ محافل سماع میں شریک ہوتے رہے، مگر 1994ء میں غلام فرید صابری کے انتقال کے بعد خود بطور مرکزی قوال پرفارمنس کا آغاز کیا ۔
امجد صابری نے بھارت، نیپال، امریکا اور لندن سمیت 17 سے زائد ممالک میں پرفارمنس دی اورخوب داد سمیٹی ۔ اپنے والد غلام فرید صابری کے انتقال کے بعد امجد صابری ایک نئے روپ میں ابھر کر آئے ۔ امجد صابری کو  اپنے والد کے انتقال کے بعد ان کی مشہور قوالیوں ”تاجدار حرم“ اور ”بھر دو جھولی میری“  سے بے پناہ  شہرت حاصل ہوئی ۔ امجد فرید صابری کو 22 جون 2016 بمطابق 16 رمضان المبارک کو موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا تھا ۔امجد صابری ایک عہد تھا ،جوگزرگیا مگر ان  کا فن ہمیشہ زندہ رہے گا۔ 

مزیدخبریں