لاہور(خصوصی نامہ نگار +نیوزرپورٹر)عمران امین سی ای او راوی اربن ڈیویلپمنٹ اتھارٹی نے کہاکہ راوی کنارے عالمی معیار کا جدیدشہر بسارہے ہیں، تین سے چار سال میں نئے شہرکے خدوخال واضح ہوجائیں گے جس میں لوگوں کو ایجوکیشن اور صحت سمیت جدید سہولیات میسر ہوں گی لیکن نیا شہربسانے کے لئے کسی کی زمین نہیں چھینے گے۔ انہوں نے بتایاکہ پہلے فیز کا آغاز کردیا ہے اور غیرملکی سرمایہ کاروں کو بھی سرمایہ کاری کی دعوت دے رہے ہیں۔عمران امین سی ای او راوی اربن ڈیویلپمنٹ اتھارٹی نے کہا کہ راوی شہر منصوبہ پر دوماہ میں سائٹ پر کام شروع ہو جائیگا ،واسا کی طرف سے 3واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ منظور ہوچکے ،پراجیکٹ مقررہ مدت سے پہلے پایہ تکمیل کو پہنچ جائیگا۔وہ ارشد انصاری صدر پریس کلب لاہور کی دعوت پراظہار خیال کررہے تھے۔ اس موقع پر زاہد چوہدری سیکرٹری پریس کلب لاہور ،برگیڈیئر (ر)منصور جنجوعہ سربراہ شعبہ آپریشن ، کاشف قریشی سربراہ مارکیٹنگ اینڈ کمرشل بھی موجود تھے۔پروگرام میں دوران گفتگو عمران امین کا کہنا تھاکہ عمران امین کا مزیدکہنا تھاکہ راوی شہرکا منصوبہ ملک میں بے روزگاری ختم کرنے کا ذریعہ بنے گا ، نئے شہر میں پانی کومحفوظ اور صاف کرنے کے لئے بیراج اور جھیلیں بنانے کے ساتھ ساتھ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگائے جارہے ہیں۔ انھوں نے مزید بتایاکہ نئے شہرکو پرانے شہرسے ملانے کے لئے ٹرانسپورٹ کانظام دیں گے جس کے لئے نئے پل بھی تعمیر کئے جائیں گے۔ عمران امین کا کہنا تھا کہ جدید شہر میں انڈسٹریل ایریا ، ایجوکیشن سٹی اورصحت کی جدید سہولیات دی جائیں گی۔