آئی جی کا ریکروٹمنٹ میں خواتین افسروں کا کوٹہ30فیصد کرنیکا اعلان 

لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے محکمہ پولیس میں آئندہ ریکروٹمنٹ میں خواتین آفیسرز کا کوٹہ 15فیصد سے بڑھا کر 30فیصد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ زیادہ سے زیادہ خواتین آفیسرز اورا ہلکار پولیس فورس کا حصہ بن کر نہ صرف پیشہ ورانہ کیرئیر میں ترقی کی منازل طے کریں بلکہ بہترین پرفارمنس سے محکمہ پولیس کیلئے بھی نیک نامی کا باعث بنیں گی۔آئی جی نے گزشتہ روز پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ لاہور میں بارہویں لیڈی ریکروٹ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بارہویں لیڈی ریکروٹ کورس میں صوبہ کی مختلف رینجز اور اضلاع سے تعلق رکھنے والی 390 خواتین اہلکار ٹریننگ مکمل کرکے پاس آؤٹ ہوئیں جن میں 11 ماسٹرز، 144 گریجویشن اور 204 انٹرمیڈیٹ ڈگری ہولڈر آفیسرز شامل ہیں۔علاوہ ازیں انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی نے کہاہے کہ منشیات کے خاتمے اور نشے کی لعنت میں مبتلا افراد کو معاشرے کا کارآمد شہری بنانے کے لئے پنجاب پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے لاہور میں پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ لاہور کی شاہرات، باغات، مزارات کے گردونواح فٹ پاتھوں پر پڑے رہنے والے نشے کے عادی افرادسے پاک کرنے کیلئے لاہور پولیس ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے ایک بڑے پراجیکٹ کا آغاز پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر لاہور سے کیا جارہا ہے، جس کے دوران منشیات کے عادی ان افراد کوان جگہوں سے ہٹاتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے قائم کردہ بحالی سنٹرز میں منتقل کیا جائے گاتاکہ یہ افراد بحالی پروگرامز کے ذریعے نشے کی لت سے چھٹکارا حاصل کرسکیں۔

ای پیپر دی نیشن