اسلام آباد (نا مہ نگار)زراعت کو جدید بنانے اور پاکستان میں چاول کی فی ایکڑ پیداوار کو بڑھانے کیلئے ، پی اے آر سی نہ صرف نئے تیار شدہ چاول کے ٹرانسپلانٹرز متعارف کروا رہا ہے بلکہ مقامی کسانوں میں چاول کی مشینی کاشت کو ممکن بنا نے کے لئے ٹرانسپلانٹرزکی تقسیم و تربیت پر بھی کا م کر رہا ہے اس سلسلے میں قومی منصوبہ برائے منافع بخش دھان بذریعہ بڑھوتی پیداوا ر کے تحت "رائس مکینیکل ٹرانسپلانٹرکا عملی مظاہرہ" کی تقریب قومی زرعی تحقیقاتی مرکز اسلام آباد میں منعقد ہوئی ، جہاںمعاون خصوصی برائے غذائی تحفظ جمشید اقبال چیمہ مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر چاول کے ساتھ مچھلیوں کی افزائش کے منصوبے کا بھی افتتاح کیا گیا۔جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ حکومت پاکستان کی زیر نگرانی چاولوں کی کاشت کے جدید منصوبے شروع کرنے کا مقصد فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کر نا ہے تا کہ بڑھتی ہوئی آبادی کی غذائی ضروریات کو پورا کیا جا سکے بلکہ اضافی زرعی پیداوار بیر ون ملک برآمد کر کے اس سے بھاری اور قیمتی زر مبادلہ کا حصول بھی ممکن ہو سکے۔ ان منصوبہ جات کی بناپر چاول کی فی ایکڑ پیداوار میں غیر معمولی اضافہ ہو گا بلکہ چاول کی کوالٹی بھی بہتر ہو گی۔