اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار‘ اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان میں امن عمل کی حمایت جاری رکھے گا۔ قیام امن کیلئے دنیا کے ساتھ تعاون جاری رکھتے ہوئے ہم امن کی کوششوں میں شراکت دار رہیں گے۔ پیر کو دورہ ترکی اور خطے کی صورتحال کے حوالے سے بیان میں وزیر خارجہ نے کہا کہ افغان امن عمل نازک مرحلے میں داخل ہوچکا ہے۔ افغانستان میں امن کئی ممالک کی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکی میں میری افغان ہم منصب حنیف اتمر کے ساتھ ملاقات ہوئی اور افغانستان میں دو طرفہ تعلقات اور امن عمل کے حوالے سے مفید بات چیت ہوئی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ فلسطین کے اپنے ہم منصب سے ملاقات میں مسئلہ فلسطین پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ قطر اور کویت کے وزراء خارجہ کے ساتھ مشرقِ وسطیٰ‘ یمن کی صورتحال، سعودی عرب سے ہونے والی گفت و شنید اور پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کے کردار کو آج ساری دنیا مثبت نگاہ سے دیکھ رہی ہے۔ وزیر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے کہا کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق مودی سرکار کے اجلاس میں بہت سی چیزیں زیر بحث آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کا اجلاس بلانا غیر معمولی پیشرفت ہے۔ تمام کشمیری 5اگست کے فیصلے سے ناخوش تھے۔ لیکن ابھی کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہو گا۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ترک صدر نے وزیراعظم عمران خان کو دورہ ترکی کی دعوت دی۔ وزیراعظم عمران خان کے دورہ ترکی کے خدوخال تیار ہورہے ہیں۔
مودی کا اجلاس بلانا غیرمعمولی بات، امن کی عالمی کوششو ں میں شراکت دار رہیں گے: شاہ محمود
Jun 22, 2021