اسلام آباد + لاہور (نامہ نگار+سٹی رپورٹر+ آئی این پی) ملک میں کرونا وائرس سے مزید 30 افراد جاں بحق، اموات کی تعداد 22 ہزار7 ہوگئی۔ کیسز کی تعداد9لاکھ 49 ہزار 175ہوگئیں۔ 907 نئے کیسز رپورٹ، سندھ میں کرونا کیسز میں کمی کے بعد پرائمری کلاسز میں تدریس کا آغاز، سکولز کھل گئے۔ ملتان میں بیرون ملک جانے والوں کے ویکسی نیشن سینٹر پر بھگدڑ سے 2 افراد زخمی ہوگئے۔ ملتان میں ویکسی نیشن سینٹر کا دروازہ کھلتے ہی بھگدڑ مچ گئی۔ دنیا بھر میں کیسز کی تعداد 17کروڑ 84 لاکھ 33 ہزار 920 ہو گئی۔ کینیڈا نے پاکستان پر عائد سفری پابندیاں ختم کر دیں۔ کینیڈین وزیر ٹرانسپورٹ کے مطابق کینیڈا اور پاکستان کے درمیان پی آئی اے کے فلائٹس بھی بحال کر دی گئی ہیں۔ تاہم بھارت پر سفری پابندیاں برقرار رہیں گی۔ ترجمان نے بتایا کہ پی آئی اے پہلے مرحلے میں ہفتہ وار تین پروازیں اتوار سے شروع کرے گا جبکہ پروازیں کراچی‘ لاہور اور اسلام آباد سے روانہ ہوں گی۔ ترجمان کے مطابق پروازوں پر بکنگ کھول دی گئی ہے اور لوگ باآسانی نشستیں حاصل کر سکتے ہیں۔ کرونا کے خلاف کاوشوں میں معاونت کیلئے امریکہ کی جانب سے امداد کی دوسری کھیپ پاکستان پہنچ گئی۔ کھیپ میں 13 ہزار 500 سے زائد ہیلتھ کیئر اشیاء شامل ہیں۔ چھ سو آئی سی یو اور آپریشن تھیٹر سٹاف کیلئے پی پی ایز شامل ہیں۔ ڈپٹی کمشنر لاہور مدثر ریاض ملک نے کہا کہ آج تمام کرونا ویکسینیشن سنٹرز کھلے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سٹیٹک اور سیکٹورل کرونا ویکسینیشن سنٹرز مکمل طور پر فعال ہوں گے۔ 09 سٹیٹک سنٹرز ایکسپو سنٹر، یو سی ایچ، پی کے ایل آئی، یونائیٹڈ کرسچن ہسپتال، پنجاب سنٹرل کالج، قذافی سٹیڈیم ڈرائیو تھرو ویکسینیشن سنٹر، ایل ڈی اے آزادی چوک کمپلیکس اور دیگر سٹیٹک سنٹرز فعال رہیں گے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کرونا وائرس کی صورتحال بیان کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 3 مریض انتقال کرگئے جبکہ 423 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور 482 افراد صحتیاب ہوئے ہیں۔