لاہور(کامرس رپورٹر)لاہور ٹیکس بار ایوسی ایشن نے کہا ہے کہ حکومت نے بظاہرمتوازن بجٹ پیش کیا ہے تاہم اس کی کامیابی کا دارومدار عملدرآمد پر ہے ، اگرآئی ایم ایف کے دبائو پر منی بجٹ پیش کئے گئے تو آئندہ مالی سال کے لئے متوازن بجٹ کی افادیت ختم ہو جائے گی،حکومت5829ارب روپے کے ٹیکس ہدف کو حاصل کرناچاہتی ہے تو بغیر کسی تاخیر کے سٹیک ہولڈرز سے مشاورت شروع کرے۔ ان خیالات کا اظہارصدر جمیل اختر بیگ ،نائب صدر حسیب اللہ خان اورجنرل سیکرٹری عرفان حیدر نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ حکومت نے متوازن بجٹ پیش کرکے کئی شعبوں کو ریلیف دینے کی بہترین کوشش کی ہے لیکن 5829 ارب کے ٹیکس اہداف کوحاصل کرنا آسان نہیں ہوگا،بجٹ میں کچھ سیکشنزغورطلب ہیں جنہیں بات چیت کا عمل شروع کر کے درست کیا جا سکتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ طویل عرصے کے بعدکرنٹ اکائونٹ خسارہ سرپلس رہناخوش آئند ہے ،اسی طرح لاک ڈاون کے باوجود معیشت کا ترقی کی راہ پر گامزن ہونا بھی اطمینان کا باعث ہے۔