سندھ حکومت کا شادی ہال کھولنے کی اجازت کا اصولی فیصلہ

Jun 22, 2021

 کراچی (نیوزرپورٹر) سندھ حکومت نے کورونا وائرس کے کیسز میں کمی کو مدنظر رکھتے ہوئے شادی ہالز کھولنے کی اجازت کا اصولی فیصلہ کر لیا ۔ جلد نوٹیفکیشن جاری ہونے کا امکان ہے۔ شادی ہالز ایسوسی ایشن کے صدر رانا رئیس کے مطابق سندھ حکومت نے شادی ہال مالکان اور شادی ہالوں سے وابستہ مزدور طبقے کی مشکلات پر ہمدردی سے غور کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر کے ساتھ شادی ہالز کھولنے کی رضامندی ظاہر کی ہے۔رانا رئیس کے مطابق کمشنر کراچی سے ملاقات میں شادی ہالز کھولنے کے لیے ایس او پیز بھی طے پاگئے ہیں جس کا باضابطہ نوٹی فکیشن جلد جاری کیا جائے گا۔ایس او پیز کے مطابق تمام شادی ہال میں 30فیصد وینٹی لیشن کا انتظام کیا جائے گا، شادی ہال میں مہمانوں کو ایس اوپیز کے ساتھ داخلے کی اجازت دی جائے گی، ماسک لازمی ہوگا۔ ابتدائی طور پر ڈیڑھ سو افراد کو شادی میں شرکت کی اجازت ہوگی۔ شادی ہالز ایسوسی ایشنز نے اجازت ملنے پر سندھ حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے سے بے روزگاری میں نمایاں کمی لانے میں مدد ملے گی۔

مزیدخبریں