سعودی عرب میں مقدس مساجد(الحرمین الشریفین)کی انتظامیہ نے رواں سال حج سیزن کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں.اس حوالے سے نائب وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر عبدالفتاح مشاط نے مشاعر مقدسہ( منی، عرفات اور مزدلفہ) کا دورہ کیا اور حج تیاریوں کا جائزہ لیا۔سعودی اخبارکے مطابق وزارت حج و عمرہ زائرین کو مناسک حج کی ادائیگی آسان اور محفوظ بنانے کے لیے بہترین انتظامات کے لیے کوشاں ہے اور اس حوالے سے پیش آنے والی تمام رکاوٹیں دور کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔حج و عمرہ قومی کمیٹی کے رکن ھانی العمیری نے بتایا کہ وزارت نے اس سال منی میں حاجیوں کو ٹھہرانے کے لیے 6 ٹاورز اور 70 کیمپوں کا انتظام کیا ہے۔منی ٹاورز میں منفرد پیکیج کے لیے 4.37 مربع میٹر کا رقبہ مختص کیا گیا ہے جبکہ اکانومی پیکیج میں چار میٹرکی جگہ دی جائے گی. علاوہ ازیں عازمین حج کے طعام کے لیے الگ سے مقام مقرر ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ منی کے خیموں میں سپیشل پیکیج میں ایک فرد کو 5.33 مربع میٹر کی جگہ دی جائے گی، اس میں وہ جگہ شامل نہیں ہوگی جو گزشتہ برسوں کے دوران حاجیوں کی خدمات کے لیے مختص کی جاتی رہی ہے۔ الحرمین الشریفین انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حج کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں،کوشش ہوگی کہ ہر حاجی کو صحت مند ماحول مہیا ہو اور اس سلسلے میں انہیں کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
حج کے حوالے سے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں.الحرمین الشریفین انتظامیہ
Jun 22, 2021 | 19:42