بہادر باپ کی بہادر بیٹی آمریت کے خلاف سیہ پلائی دیوار بن کر کھڑی رہی‘ عوام کی جنگ لڑتے لڑتے شہادت کو گلے لگاکر جمہوری اداروں کو دوام بخشا

Jun 22, 2022


کراچی(نعیم اختر) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر اور سابق وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میر چنگیز خان جمالی نے  کہا کہ پی پی پی  کے کارکن اور جیالے ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بی بی کے ادھورے مشن کو بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پورا کریں گے۔ ذوالفقار علی بھٹونے ملک کو ایٹمی قوت بنایا۔ آئین پاکستان دیا اور صدر آصف علی زرداری نے آئین پاکستان کو اصل شکل میں بحال کیا۔ تمام تر اختیارات پارلیمات کو دیئے۔ 18 ویں ترمیم کے ذریعے صوبوں کو خود مختار بنایا۔ شہید بے نظیر نے  ملک کے استحکام کیلئے خود کو قربان کردیا ان کی یہ قربانی بھلائی نہیں جاسکتی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار شہید بے نظیر بھٹو کی69 ویں سالگرہ پرنوائے وقت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چنگیز جمالی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے پارلیمنٹ اور جمہوریت کومضبوط کیا آج جیالوں کیلئے بہت بڑا دن ہے اور بے نظیر بھٹو شہید نے ہمیشہ جمہوریت‘ آئین اور قانون کی بالادستی اور انسانی حقوق کی جنگ لڑی۔  آج ان کے جنم دن کے موقع پر بتانا چاہتا ہوں کہ پیپلز پارٹی کے کارکن اور جیالے ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بی بی کے ادھورے مشن کو بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پورا کریں گے۔ آج ملک میں جو بھی لولی لنگڑی جمہوریت ہے وہ شہید بی بی کی ہی مرہون منت ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید بی بی جیسی لیڈر شپ کا پاکستان میں فقدان ہے ہم جمہوریت  اور اداروں کو مضبوط کریں گے تاکہ کوئی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہ دیکھ سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دختر مشرق سابق وزیراعظم محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی شہادت سے جو خلا پیدا ہوا ہے وہ کبھی پر نہیں ہوسکتا۔ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو بہادر باپ کی بہادر بیٹی تھی جس نے ہمیشہ ملک کے غریب عوام کی حقوق کی جنگ لڑی اور آخر کار جنگ لڑتے لڑتے خود شہید ہوگئیں۔ مگر انہوں نے ملک اور ملک کی غریب عوام کے اوپر سودے بازی نہیں کی۔ شہید  بے نظیربھٹو نے ملک میں جمہوریت کے فروغ کے لئے بے شمار قربانیاں دیں۔ بے نظیر بھٹو نے خواتین ‘کسانوں ‘ مزدوروںاور ہر طبقے کی ترقی و خوشحالی کے لئے دن رات محنت کی ان کا مشن ضرور کامیاب ہوگا۔

مزیدخبریں