راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)ٹی وی اور اسٹیج ڈراموں کے معروف مزاحیہ اداکار مسعود خواجہ کی نماز جنازہ آج دوپہر تین بجے سید پور روڈ نزد کالی ٹینکی نزد اوزن سکول کے قریب ادا کی جائے گی بعدازاں شام ساڑھے پانچ بجے پاکستان سویٹ ہوم ایچ نائن فور میں بھی نماز جنازہ ادا کی جائے گی جبکہ اسلام آباد کے قبرستان میں تدفین کی جائیگی۔ مسعود خواجہ پیر کے روز راولپنڈی کے ہولی فیملی ہسپتال میں دوران علاج جان کی بازی ہار گئے تھے مرحوم کا کچھ عرصہ سے گردوں کی بیماری کے باعث ڈیلائسز چل رہا تھا۔ پی ٹی آئی رہنما قاسم سوری، فیاض الحسن چوہان، پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان و دیگر سیاسی و غیر سیاسی، شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے مسعود خواجہ کے انتقال کو بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کیجانے سے لوگوں کے چہرے پر مسکراہٹیں بکھیرنے والے کی ناگہانی موت سے شوبز کی دنیا میں ایک خلا پیدا ہوگیا ہے جو کبھی دور نہیں ہوسکے گا۔ واضح رہے کہ مسعود خواجہ نے اپنے انتقال سے چند روز قبل بیماری کی حالت میں بھی راولپنڈی آرٹس کونسل میں پروڈیوسر ڈائریکٹر عاصمہ بٹ کے اسٹیج ڈرامہ "نقل مکانی" میں آخری بار پرفارم کیا جسے معروف افسانہ نگار سعادت حسن منٹو نے تحریر کیا تھا۔