جعلسازی اور غیرقانونی بھرتیاں، محکمہ  تعلیم سندھ کے افسران کی ضمانتیں منظور


کراچی (نیوز رپورٹر) عدالت نے جعلسازی اورغیرقانونی بھرتیوں کے معاملے میں سندھ محکمہ تعلیم  کے افسران کی ضمانتیں منظورکر لیں۔ منگل کو سندھ ہائی کورٹ میں اسپیشل ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ میں جعل سازی اور غیرقانونی بھرتیوں سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی جس میں صوبائی محکمہ تعلیم کے افسران خالد سلیمان اورعبدالرحمان کی ضمانتیں منظورکی گئیں۔عدالت نے طویل دلائل سننے کے بعد دونوں ملزمان کی ضمانتیں منظور کیں۔وکیل  نے کہا کہ نیب ریفرنس میں مرکزی ملزمان کی ضمانتیں ہوچکیں۔ سیکرٹری تعلیم کی بھی نیب ریفرنس میں ضمانت ہوچکی ہے۔ ملزمان اسپیشل محکمہ تعلیم کے افسران ہیں مگر بھرتی کا اختیار نہیں تھا۔ سیکشن افسرصرف کمیٹی کا حصہ ہوتا ہے۔ ملزمان پربغیر ٹینڈر، اشتہار کے براہ راست بھرتیاں کرنے کا الزام لگایا گیا۔نیب کے پراسیکیوٹر نے کہاکہ نورمحمد لغاری و دیگر کی ضمانتیں میڈیکل گرانڈ پر ہوئیں۔ 294 امیدواروں کو یکساں 99 فیصد نمبرزدیے گئے۔پراسیکیوٹر نیب نے کہا کہ خالد سلیمان کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں۔

ای پیپر دی نیشن