لاہور(بزنس رپورٹر)الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سے محب وطن،خدمت خلق کے جذبے سے سرشارالخدمت فاؤنڈیشن شمالی وزیرستان کے صدرانجینئراسداللہ شاہ اور ان کے ساتھیوں کی گزشتہ روز نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شہادت پرگہرے رنج اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے قائم مقام صدر شاہد اقبال نے کہا کہ آپ نے شمالی وزیرستان میں الخدمت کے کام کو بہترین انداز میں منظم کیا۔ آپ نے میرعلی اور میران شاہ کے علاقوں میں بازاروں اور ٹرانسپورٹ اڈوں میں مزدوری کرنے والے سٹریٹ چلڈرن کیلئے الخدمت چائلڈ پروٹیکشن سنٹرز کی بنیاد رکھی جو آج ان بچوں کا مستقبل سنوار رہی ہے۔ شمالی وزیرستان میں بے آسرا اور یتیم بچوں کیلئے آغوش الخدمت ہوم کا قیام آپکا دیرینہ خواب تھا،آپ ہمیشہ جس کی تکمیل کیلئے تگ و دوکرتے نظر آئے،ان شاء اللہ جلد ہی آپ کے اس خواب کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔ آپ شمالی وزیرستان کے سینکڑوں یتیم بچوں کی کفالت کی ذمہ داری بخوبی نبھا رہے تھے۔ آپ تنگدست بیواؤں کی مالی معاونت اور ان کو خود کفیل بنانے کیلئے بھی کوشاں رہے۔آپ کی تمام زندگی دکھی انسانیت کی خدمت سے عبارت ،آپ کی مثالی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔اللہ تعالیٰ آپ کی اور آپ کے ساتھیوں کی کامل بخشش اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے،آمین۔الخدمت فاؤنڈیشن کے ملک بھر میں قائم دفاتر میں مرحومین کی مغفرت کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔
انجینئراسداللہ شاہ: دکھی انسانیت کیلئے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی،شاہد اقبال
Jun 22, 2022