پاکستان چائنہ زرعی تعاون، انجیر کی پیداوارمیں بڑھوتری ، بہترین نتائج حاصل   

Jun 22, 2022

اسلام آباد (اے پی پی)پاکستان چائنہ زرعی تعاون کے تحت انجیر کی قومی پیداوار بڑھ گئی ہے۔ چین میں ینگ لنگ فگ ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے ریسرچر ڈاکٹر عبدالغفارشر نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ روایتی فصلوں کے مقابلہ میں انجیر تیزی سے نقد آور فصل کی حیثیت اختیار کر رہی ہے جو کاشتکار کے ذرائع آمدنی کی بڑھوتری کا ایک سبب بن سکتی ہے۔ انجیر کی پیداوار میں اضافہ کے حوالے سے چھوٹے پیمانے پر شروع کئے گئے منصوبہ سے بہترین نتائج حاصل ہو ئے ہیں جبکہ اس حوالے سے مستقبل قریب میں انجیر کی جدید کاشکاری کے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت انجیر کے تجرباتی باغ میں 20 مختلف اقسام کے انجیر کاشت کئے گئے ہیں ،جن میں دو اقسام بھرپور پیداوار کی حامل ہیں جبکہ ان پودوں کی تیاری کا دورانیہ بھی انتہائی قلیل ہے جو صرف پانچ ماہ کے بعد پھل دینا شروع کردیتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے انجیر کی فی ایکڑ پیداوار میں نمایاں اضافہ کیا جا سکتا ہے ۔ پاکستان میں زمین اور موسمی حالات انجیر کی کاشت کے حوالے سے انتہائی موزوں ہیں۔ پاکستان اور چین زرعی تعاون کے تحت انجیر کی مقامی پیداوار میں بھر پور اضافہ کیلئے پرعزم ہیں، جس سے درآمدات پر انحصار میں کمی اور قیمتی زرمبادلہ کی بھی بچت ہوگی۔

مزیدخبریں