سندھ کے بلدیاتی ادارے الرٹ ایمرجنسی برقرار رہیگی۔ ناصر شاہ

Jun 22, 2022

کراچی ( نیوز رپورٹر)وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت برساتی نالوں کی صفائی کے حوالے سے اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں سیکرٹری بلدیات انجینئر سید نجم احمد شاہ، اسپیشل سیکرٹری بلدیات عثمان معظم، ضلعی ایڈمنسٹریٹریز، ایم ڈی سالڈ ویسٹ، کے ایم سی اور متعلقہ اداروں کے نمائندگان موجود تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ صوبے میں ہونے والی متوقع بارشوں کے پیش نظر تمام حفاظتی اقدامات اور پیشگی تیاریاں بنا کسی تاخیر کے مکمل کرلی جائیں اور دوران مون سون سیزن تمام بلدیاتی اداروں میں مکمل طور پر ہائی الرٹ اور ایمرجنسی برقرار رہے گی۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ گزشتہ بارشوں میں ہونے نقصانات اور تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے واٹر بورڈ، سندھ سالڈ ویسٹ، کے ایم سی، تمام ڈی ایم سیز مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دیں جس سے عوام کو ریلیف پہنچانے میں آسانی رہے اور انسانی جانوں کے ساتھ قیمتی املاک کا تحفظ بھی یقینی بنایا جاسکے۔سیکرٹری بلدیات انجینئر سید نجم احمد شاہ نے وزیر بلدیات سندھ کو بتایا کہ برسات کے دنوں میں گلستان ظفر ، یوسف گوٹھ، ناگن چورنگی اور شاہراہ فیصل نالوں کی روانی مستقل طور پر یقینی بنائے رکھنے اور مرکزی شاہراہوں کو چوبیس گھنٹے پانی سے کلئیر رکھنے کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جارہی ہیں جو کہ انڈر پاسز اور نشیبی علاقوں پر بالخصوص توجہ دیں گی۔ وزیر بلدیات سندھ نے واٹر بورڈ اور کے ایم سی حکام کو خصوصی طور پر ڈی واٹرنگ مشینوں کا پیشگی بندوبست کرکے رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ جن مقامات پر پانی کے یکجا ہوکر کھڑے ہونے کا خدشہ ہو وہاں ہنگامی بنیادوں پر نکاسی آب کے لئے مشینری موجود ہونی چاہئے اور راہ گیروں سمیت موٹر سائیکل و کار سواروں کو پریشانی کا سامنا نہیں ہونا چاہئے۔ناصر حسین شاہ نے نالوں کی صفائی کے دوران متاثر ہونے والے انفرا اسٹرکچرز کو فوری طور پر مرمت کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے تمام مقامات پر نیو جرسی بیرئرز لگانے کا حکم دیا اور ترجیحی بنیادوں پر تمام ممکنہ چوکنگ پوائنٹس کو پیشگی کلئیر کرنے کا حکم بھی جاری کیا۔آخر میں وزیر بلدیات سندھ کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کے حوالے سے چیئرمین بلاول بھٹو کی خصوصی ہدایات پر عمل در آمد کیا جائے ۔ناصر حسین شاہ نے تمام ایڈمنسٹریٹرز اور افسران کو سیکرٹری بلدیات نجم احمد شاہ سے رہنمائی لینے اور مستقل رابطے میں رہنے کی ہدایت کی اور سرپرائز وزٹ اور انسپیکشن کا بھی عندیہ دیا۔
ناصر شاہ

مزیدخبریں