گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی) صوبائی وزیر صحت پنجاب سلمان رفیق کی زیر صدارت اہم اجلاس میں انسداد ڈینگی سرگرمیوں میں مزید تیزی اور بہتری لانے اور اس موذی مرض کے حوالے سے عوام کو شعور و آگہی فراہم کرنے کےلئے 2 جولائی بروز ہفتہ صوبہ بھر میں ”انسدا دڈینگی ڈے“ منانے کا فیصلہ کرتے ہوئے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ محکمہ صحت کے ساتھ مکمل کوآرڈینیشن کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ڈینگی پرموثر کنٹرول اور اس کا مکمل خاتمہ حکومت پنجاب کی اہم ترجیح ہونے کے ناطے ٹھوس‘ نتیجہ خیزاور مسلسل اقدامات کا تقاضا کرتی ہے اور مون سون کے پیش نظر ہمیں اپنی سرگرمیوں کو مزید تیز اور بہتر بنانا ہوگا تاکہ ڈینگی مچھر کی افزائش کے تمام اسباب کوختم کیا جاسکے۔اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجا ب کامران علی افضل‘ کابینہ کمیٹی برائے ڈینگی کے اراکین ‘ عوامی نمائندے‘ اعلی سرکاری افسران اور متعلقہ محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ صوبہ بھرکے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز اجلاس میںبذریعہ ویڈیولنک شریک ہوئے۔چیف سیکرٹری پنجاب نے انتظامی افسروںکو ہدایت کی کہ وہ فی الفور انسداد ڈینگی سرگرمیوں کی ذاتی مانیٹرنگ کریں او ر متعلقہ محکموں کی کارکردگی پر کڑی نظر رکھتے ہوئے انسدادڈینگی کے سلسلہ میںکئے جانے والے اقدامات کو کامیاب بنائیں۔ ایم پی اے محمد توفیق بٹ نے بتایا کہ گوجرانوالہ میں ڈپٹی کمشنر سائرہ عمر کی ہدایات کے تحت انسداد ڈینگی کے سلسلہ میں تمام ممکنہ اقدامات کویقینی بنایا جارہا ہے اور اس موذی مرض کی موثر روک تھام کےلئے وہ خود بھی ڈینگی کے ممکنہ ہاٹ سپاٹس کا جائزہ لے رہے ہیں۔ایڈیشنل کمشنر کوآرڈافضال احمد وڑائچ اور فوکل پرسن ڈینگی ڈاکٹر معیز منصور نے بتایا کہ گوجرانوالہ ڈویژن میں کئے جانے والے اقدامات کے نتیجہ میں صورتحال بہت بہتر ہے اور اب تک تصدیق ہونے والے 13 مریض صحت یاب ہو چکے۔
سلمان رفیق کی زیر صدارت اجلاس، انسداد ڈینگی سرگرمیوں میںتیزی لانے کا فےصلہ
Jun 22, 2022