اسلام آباد(خبرنگار) روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ کے سعودی وفد نے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ سے متعلق پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری اور سینیٹر حافظ عبدالکریم بھی ملاقات میں موجود تھے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ روڈ ٹو مکہ منصوبہ عازمین حج کو سہولت فراہم کرنے کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے. پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں اور سعودی عرب نے ہر مشکل حالات میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام بین الاقوامی فورمز پر مسلم ا?مہ کو درپیش مسائل کے حوالے سے دونوں ممالک کا موقف مشترک ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ روڈ ٹو مکہ منصوبے کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے اور عازمین حج کیلئے روڈ ٹو مکہ سہولت کا اجرائ خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ حج جیسے مقدس فریضے کی ادائیگی میں سہولیات کی فراہمی سے اسلامی بھائی چارے کے فروغ میں مدد ملے گی۔ چیئرمین سینیٹ نے روڈ ٹو مکہ منصوبہ شروع کرنے پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیاچیئرمین سینیٹ نے کہا کہ حجاج کو سہولت فراہم کرنے کے لیے سعودی حکومت سے تعاون جاری رہے گا۔ انہوں نے کہاکہ سعودی عرب اور پاکستان کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری اور سینیٹر حافظ عبدالکریم نے بھی پاکستان سعودی عرب تعلقات کو تاریخی قرار دیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ خادم حرمین شریفین نے ہمیشہ پاکستان سعودی تعلقات کو اہمیت دی ہے اور سعودی عرب میں مقیم لاکھوں پاکستانی سعودی عرب کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور سعودی عرب میں مقیم پاکستانی دونوں ملکوں کے درمیان پل کا کردار اد ا کر رہے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے سعودی قیادت کی معاشی خوشحالی اور ترقی کے ویڑن کو سراہا۔ چیئرمین سینیٹ نے سعودی عرب کے ٹیکنالوجی پر انحصار اور استفادے کی پالیسی کی بھی تعریف کی اور وفد کو اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔ سعودی وفد نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان آکر بہت خوش ہیں اور پاکستان سعودی عرب کیلئے ایک اہم ملک ہے۔ ہم پاکستانی بھائیوں کی خدمت کے لئے آئے ہیں۔ وفد نے روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ کے اغراض و مقاصد سے چیئرمین سینیٹ کو آگاہ کیا اور دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
صادق سنجرانی