مظفرآباد (نامہ نگار) وزیرخزانہ آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر کرنل (ر) وقار احمد نور نے مالی سال 24-2023 کے لیے 2کھرب 32 ارب، 4کروڑ 70لاکھ روپے کا ٹیکس فری بجٹ ایوان میں پیش کر دیا۔ جس میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے مجموعی طور پر 42 ارب روپے کی تاریخی رقم مختص کی گئی ہے۔ جبکہ نظر ثانی میزانیہ مالی سال 23-2022، 1کھرب، 56ارب 94کروڑ 70لاکھ روپے بھی منظوری کے لئے پیش کیا گیا۔ بجٹ میں سرکاری ملازمین کی معاشی حالت کو بہتر بنانے کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے تنخواہ وپنشن میں کیے جانے والے اضافہ کے مطابق حکومت آزادکشمیر بھی وسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے اضافہ پر غور کرے گی۔ وزیر خزانہ کرنل (ر) وقار احمد نور نے بتایا کہ آئندہ مالی سال میںغیر ترقیاتی اخراجات کا کل تخمینہ 1کھرب 90 ارب 4کروڑ 70لاکھ روپے لگایا گیا ہے جس میں سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کے لیے 7ارب 56کروڑ 69لاکھ روپے ، بورڈ آف ریونیو کے لیے 1ارب 67کروڑ 20لاکھ روپے ، سٹیمپس 4کروڑ 40لاکھ روپے، لینڈ ریکارڈ اینڈ سیٹلمنٹ 5کروڑ 13لاکھ روپے ، ریلیف و بحالیات 1ارب 99کروڑ 22لاکھ روپے، پنشن کے لیے 35ارب ، تعلقات عامہ کے لیے 37کروڑ 93لاکھ ، عدلیہ کے لیے 3ارب1کروڑ 14لاکھ روپے ، داخلہ ( پولیس ) کے لیے 8ارب 13کروڑ 72لاکھ روپے ، جیلخانہ جات 32کروڑ 69لاکھ روپے ، شہری دفاع 39کروڑ 86لاکھ روپے ، آرمڈ سروسز بورڈ کے لیے 10کرو ڑ8لاکھ روپے ، مواصلات و تعمیرات عامہ کے لیے 6ارب 20کروڑ 67لاکھ روپے ، تعلیم کے لیے 40ارب 13کروڑ 30لاکھ روپے ، صحت عامہ کے لیے 17ارب 52کروڑ 60لاکھ روپے ، سپورٹس ،یوتھ اینڈ کلچر و ٹرانسپورٹ کے لیے 18کروڑ 32 لاکھ روپے ، مذہبی امور کے لیے 26کروڑ 62لاکھ روپے ، سماجی بہبود و امور نسواں کے لیے74کروڑ 66لاکھ روپے ، زراعت کے لیے 1ارب 6کروڑ 16لاکھ روپے ، لائیو سٹاک و ڈیر ڈویلپمنٹ کے لیے 96کروڑ 46لاکھ روپے ، خوراک 37کروڑ 24لاکھ روپے ، سٹیٹ ٹریڈنگ 14ارب53کروڑ 40لاکھ19ہزار روپے ، جنگلات ، وائلڈ لائف وفشریز کے لیے 1ارب 78کروڑ 56لاکھ روپے ، کوآپریٹیو 2کروڑ 55لاکھ روپے شام ہیں۔