لاہور (نیوز رپورٹر) نگران وزیراعلی محسن نقوی نے بینظیر بھٹو ہسپتال راولپنڈی کا دورہ کیا۔ محسن نقوی نے ہسپتال میں مریضوں کو علاج معالجے کی فراہم کردہ سہولتو ں کا جائزہ لیا اور مختلف وارڈز کا معائنہ کیا۔ مریضوں اور تیمارداروں نے علاج معالجے کی ناکافی سہولتوں کے بارے میں شکایات کے انبار لگا دیئے۔ نگران وزیراعلیٰ کے دورے کے دوران مختلف وارڈز کے اے سی بند تھے۔ مریض ایکسرے، دیگر ٹیسٹ اور چیک اپ کیلئے کئی کئی گھنٹے انتظار میں کھڑے تھے۔ وارڈز میں بعض ڈیوٹی ڈاکٹرز غائب تھے اور مریض علاج معالجے کیلئے خوار ہو رہے تھے جبکہ ہسپتال کی راہداریوں میں سٹریچر پر مریضوں کا علاج بھی کیا جا رہا تھا۔ مریضوں اور تیمارداروں نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کو بتایا کہ عملے کی مٹھی گرم کرنے پر فوری ہر کام ہو جاتا ہے۔ نگران وزیراعلیٰ نے ہسپتال میں علاج معالجے کی خراب صورتحال پر سخت ناراضی کا اظہار کیا۔ ایم ایس اور ہسپتال انتظامیہ کی سرزنش کی اور ڈاکٹرز اور عملے کے مریضوں کے ساتھ رویے پر برہمی کا اظہار کیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ جس ہسپتال جاتا ہوں، یہی حالات نظر آتے ہیں۔ معیاری اور فوری طبی سہولتیں ملنا مریض کا حق ہے۔ محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں لاہور کے زیر تکمیل ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سمن آباد پراجیکٹ چند روز میں مکمل کرنے کا حکم دیا اور ڈویلپمنٹ پراجیکٹس میں تاخیر کے اسباب فوری طور پر دور کرنے کی ہدایت کی۔ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ سمن آباد اور شاہدرہ پراجیکٹ کو جلد ازجلد مکمل کرنے کیلئے تمام تر اقدامات کئے جائیں۔ محسن نقوی نے گجرات میں ڈور پھرنے سے نوجوان کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور جاں بحق نوجوان کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے رائے ونڈ میں مبینہ زیادتی کے بعد بچے کے قتل کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور گرفتار ملزم کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کا حکم دیا ہے۔محسن نقوی کی زیرصدارت اندرون شہر میں پنجاب کابینہ کا خصوصی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں لاہور سمیت پنجاب بھر میں تاریخی عمارتوں اور قدیم دروازوں کی بحالی کا فیصلہ کیا گیا۔ لاہور شہر کے 12 قدیم دروازوں کو اصل حالت میں بحال کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ڈی جی لاہور والڈ سٹی اتھارٹی کو تاریخی دروازوں کی بحالی کا ٹاسک دے دیا۔