لاہور(نامہ نگار)وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر سنٹرل پولیس آفس میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا۔جس میں صوبائی دارالحکومت لاہور کی تمام ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے عہدیداران، مارکیٹوں لیڈرز، ٹریڈر بورڈز، کمیٹیوں کے عہدیداران اور نمائندوں نے شرکت کی۔ تاجر کمیونٹی نے آئی جی پنجاب کو مارکیٹوں میں تجاوزات، سکیورٹی، ٹریفک کے بہاو¿ اور پارکنگ سمیت مختلف مسائل بارے آگاہ کیا۔ آئی جی پنجاب نے تاجر برادری کو بیان کردہ مسائل کے حل کیلئے مکمل تعاون کی یقینی دہانی کروائی ۔ انہوںنے تاجر کمیونٹی کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ٹریڈرز اینڈ پولیس جوائنٹ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ انہوںنے کہا کہ ایس پیز، سپروائزری افسران اور ایس ایچ اوز مارکیٹوں کا دورہ کریں، مقامی تاجر نمائندوں کی مشاورت سے درپیش مسائل کا حل یقینی بنائیں۔ مارکیٹوں اور کاروباری مراکز کے گرد جرائم کی وارداتوں کے تدارک کیلئے پٹرولنگ بڑھانے، حسب ضرورت چوکیاں قائم کرنے کی ہدایت کی۔ ڈی آئی جی آپریشنز اور سی ٹی او لاہور مسائل کے حل کیلئے تاجر کمیونٹی کےساتھ موثر رابطہ رکھیں اور باہمی مشاورت و تعاون سے تاجر کمیونٹی کو درپیش مسائل کا پائیدار حل یقینی بنایا جائے، مارکیٹوں میں قائم تجاوزات کو ایل ڈی اے کے تعاون سے ختم کرانے کیلئے اقدامات کریں گے۔ گنجان مارکیٹوں، کاروباری مراکز میں ٹریفک مینجمنٹ کیلئے وارڈنز کی اضافی نفری اور لفٹرز فراہم کئے جائیں۔ تاجر برادری نے صوبائی دارالحکومت میں امن کے قیام کیلئے ڈی آئی جی آپریشنز علی ناصر رضوی اور زخمی ہونے والے دیگر پولیس افسران اور اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
ایڈیشنل کمشنر عبدالسلام عارف، اے ڈی سی جی ذیشان رانجھا سمیت ضلعی انتظامیہ کے اعلی افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔ ایڈیشنل آئی جی آپریشنز شہزادہ سلطان، ڈی آئی جی آپریشنز وقاص نذیر، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور علی ناصر رضوی، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کامران عادل، ڈی آئی جی آئی ٹی احسن یونس، سی ٹی او لاہور مستنصر فیروز اور اے آئی جی آپریشنز ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔