کیف‘ واشنگٹن‘ ماسکو (این این آئی + اے پی پی) یوکرائن کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ یوکرائنی افواج ملک کے مشرق اور جنوب میں روسی فوج ’دشمن کو تباہ ‘ کر رہی ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرینی صدر کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک کے جنوب اور مشرق میں ہمارے فوجی فعال طور پر دشمن کو تباہ کر رہے ہیں اور یوکرائن کو جسمانی طور پر پاک کر رہے ہیں۔ زیلنسکی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف دفاع کا مطلب دہشت گردوں کو تباہ کرنا ہے اور یہ اس بات کی ضمانت ہے کہ برائی کی ریاست کو کبھی بھی یوکرین میں برائی لانے کا موقع نہیں ملے گا۔ جبکہ امریکہ نے کہا ہے کہ روس کی جوابی کارروائی یوکرینی افواج کے لیے سخت اور جانی نقصان کا باعث ہوگی۔ روسی خبررساں ادارے کے مطابق یہ بات امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) کی ڈپٹی پریس سیکرٹری سبرینا سنگھ نے صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہی۔ دوسری جانب روس نے کہا ہے کہ نیٹو نے یوکرائن تنازعے کو طول دینے کی کوشش کی تو وہ اس سے لڑنے کو تیار ہے۔ روسی خبررساں ادارے کے مطابق یہ بات وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ ایک مرتبہ پھر نیٹو کے چیف سٹولٹن برگ کو خبر دار کرنا چاہتے ہیں کہ وہ اگر یوکرائن تنازعہ کو طول دینا چاہتے ہیں یا لڑنا چاہتے ہیں تو ہم اس کے لئے بھی تیار ہیں۔