واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) ورلڈ اکنامک فورم (ڈبلیو ای ایف) کی ’گلوبل جینڈر گیپ رپورٹ 2023‘ میں پاکستان کو 146 ممالک میں سے 142ویں درجے پر رکھا گیا ہے جبکہ صنفی مساوات کی شرح 57.5 فیصد ہے جو کہ 2006 کے بعد سب سے زیادہ ہے۔ رپورٹ میں پاکستان کو علاقائی اور عالمی دونوں درجہ بندیوں میں سب سے نیچے رکھا گیا ہے، پاکستان سے نیچے صرف ایران، الجزائر، چاڈ اور افغانستان ہیں، 2022 میں پاکستان 146 میں سے 145 ویں نمبر پر تھا۔ تعلیم کے حصول کے زمرے میں پاکستان کی درجہ بندی 2023 میں 138ویں نمبر پر کی گئی ہے۔ شہریوں کو سیاسی طور پر بااختیار بنانے کے حوالے سے پاکستان 95ویں نمبر پر ہے۔ عالمی رینکنگ میں ناروے سرفہرست جبکہ فن لینڈ اور نیوزی لینڈ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔