ننکانہ صاحب؍ واربرٹن ؍ گوجرانوالہ (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) غیرت کے نام پر بھائی نے بہن کو باپ نے بیٹی کو قتل کر دیا۔ تھانہ واربرٹن کے نواحی گائوں جیسل میں غیرت کے نام پر بھائی نے فائرنگ کر کے بہن کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ مبینہ طور پر مقتولہ سدرہ بی بی دو ماہ قبل واربرٹن کے عثمان کے ساتھ گھر سے فرار ہوگئی تھی جو مقدمہ درج ہونے کے بعد دارالامان چلی گئی تھی جس کو مقتولہ کے بھائی شرافت علی نے معافی کا جھانسہ دے کر دارالامان سے واپس لا کر فائر نگ کر کے قتل کر دیا۔ گوجرانوالہ میں ظفر کالونی کے رہائشی اکرم کی سترہ سالہ بیٹی (ش) چند روز قبل اپنے آشنا کے ساتھ چلی گئی تھی جسے گھر واپس آنے پر اس کے باپ نے کلہاڑیوں کے وار کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا اور خود موقع سے فرار ہو گیا۔ مقتولہ کی نعش کو ضروری کارروائی کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔