لاہور(کامرس رپورٹر )سابق وزیراعظم نواز شریف کو ایک منصوبہ تجویز کیا تھا جس کے ذریعے انہیں اسلام آباد ، راولپنڈی کے درمیان واقع سڑک کے دونوں اطراف ملٹی سٹوریز بلڈنگز بنانے کی پیشکش کی تھی۔ دعویٰ ہے کہ اس ایک سڑک سے پاکستان کا قرضہ اتارا جا سکتا ہے۔ ڈویلپرز پاکستان کا قرضہ اتارنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ حکومت کچھ دیر کیلئے ان کے ہاتھ کھول دے اور تعمیری مقاصد کیلئے تجاویز لی جائیں۔ ان خیالات کا ظہار کنسٹرکشن کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنے والے سعد نذیرنے ایک انٹر ویو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کئی ایسی شاہراہیں ہیں جن کے اطراف کو ملٹی سٹوریز بلڈنگز بنانے کیلئے استعمال میں لایا جا سکتا ہے۔ حکومت ہماری اس تجویز پر عمل کرے۔ اس سے پاکستان قرضوں کے چنگل سے باہر نکل آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سے اپیل ہے کہ ڈویلپرز کے ہاتھ کھول دیں۔ ان کو اکٹھا کریں ، یہ کمیونٹی ہی ملک کا قرضہ اتار دے گی۔