فیصل آباد (این این آئی)محکمہ زراعت نے انگور کے باغبانوں کو پھل کی رنگت نصف تبدیل ہونے پر فوری آبپاشی کا وقفہ بڑھانے کی ہدایت کی ہے۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آبادڈاکٹرخالد اقبال نے کہا کہ جب انہیں تسلی ہوجائے کہ اب انگور کا پھل پک کر تیار ہوچکا ہے تو وہ اس کی برداشت سے ایک ہفتہ قبل انگور کے باغات میں پودوں کی آبپاشی روک دیں۔باغبان انگور کی فصل پر گہری نظر رکھیں اور اگر انہیں دیمک کا حملہ محسوس ہو تو کلوروپائری فاس یا فپرونل پودوں کی جڑوں میں ڈال دیں۔انہوں نے کہا کہ باغبان انگور کی فصل پر دیگر بیماریوں کے حملہ کی صورت میں مناسب پھپھوند کش زہر کا سپرے کریں۔انہوں نے کہا کہ باغبانوں کو چاہیے کہ وہ اگیتی اقسام کے پکے ہوئے انگور کے پھل کوٹھنڈے وقت میں برداشت کریں اور برداشت کے بعد پھل کوسایہ دار جگہ پر رکھیں تاکہ اس کی تازگی اور رنگت و ذائقہ دیر تک برقرار رہ سکے۔مزید رہنمائی یا مشاورت کے لیے محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف یا زرعی ماہرین کی خدمات سے بھی استفادہ کیا جا سکتا ہے۔
انگور کے باغبانوں کو پھل کی رنگت نصف تبدیل ہونے پر فوری آبپاشی کا وقفہ بڑھانے کی ہدایت
Jun 22, 2023