لاہور (سٹاف رپورٹر) سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو اور سیکرٹری آبپاشی پنجاب واصف خورشید کی زیرِ صدارت لاہورمیں جنوبی پنجاب کی نہروں میں پانی کی فراہمی کی صورتحال کاجائزہ لینے کیلئے اجلاس کا انعقاد ہوا۔ صوبائی سیکرٹریز نے جنوبی پنجاب میں کپاس کی فصل کیلئے نہری پانی کی فراہمی کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ کپاس کے پیداواری ہدف کے حصول کیلئے جنوبی پنجاب کی نہروں میں پانی کی فراہمی نہایت اہم ہے۔ جنوبی پنجاب کے تین ڈویڑن بہاولپور،ملتان اور ڈیرہ غازی خان میں 40 لاکھ ایکڑ سے زائد رقبہ کپاس کے زیرِ کاشت لایا جا چکا ہے اور اب فصل کی بہتر مینجمنٹ کے اس نازک مرحلہ پرپانی کی فراہمی ازحد ضروری ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ کاٹن سیزن کے دوران نہری پانی کی فراہمی کا وعدہ پورا کیا جارہا ہے اور اس کے لئے محکمہ زراعت اور آبپاشی مل کر کام کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ کپاس کی بہتر مینجمنٹ کیلئے محکمہ زراعت کی فیلڈ ٹیمیں کاشتکاروں کے شانہ بشانہ شریک ہوکر فنی راہنمائی فراہم کر رہی ہیںاس موقع پر سیکرٹری آبپاشی واصف خورشید نے کہاکہ محکمہ آبپاشی ترجیحی بنیادوں پر کاٹن سیزن کے دوران جنوبی پنجاب کو اس کے حصّے سے زائد پانی فراہم کر رہا ہے۔انہوں نے مزیدکہا کہ امسال محکمہ آبپاشی کے سسٹم میں 27 فیصد پانی کی کمی ہے تاہم بہتر منصوبہ بندی سے جنوبی پنجاب کے کاشتکاروں کو پانی کی فراہمی جاری رہے گی تاکہ کپاس کا پیداواری ہدف باآسانی حاصل ہو سکے
سیکرٹری زراعت کی زیرِ صدارت اجلاس، نہری پانی فراہمی کاجائزہ
Jun 22, 2023